ماہرہ خان 'قائداعظم زندہ باد' میں فہد مصطفیٰ کی ہیروئن
پاکستان کے کامیاب ہدایت کار نبیل قریشی نے رواں سال اگست میں اعلان کیا تھا کہ وہ دو نئی فلموں 'قائداعظم زندہ باد' اور 'فیٹ مین' پر کام کررہے ہیں۔
جس کے بعد ستمبر میں انہوں نے اعلان کیا کہ اداکار فہد مصطفیٰ ان کی پانچویں فلم 'قائداعظم زندہ باد' میں بھی مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
اس وقت ہر کوئی جاننا چاہتا تھا کہ اس فلم میں فہد مصطفیٰ کے ہمراہ کون سی اداکارہ مرکزی کردار نبھائیں گی۔
اس موقع پر مہوش حیات کا نام بھی سامنے آیا جو اس سے قبل نبیل قریشی کی کامیاب فلموں 'ایکٹر ان لا' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں مرکزی کردار نبھا چکی ہیں۔
مزید پڑھیں: فہد مصطفیٰ نبیل قریشی کی 5ویں فلم کے بھی مرکزی ہیرو
تاہم اب نبیل قریش نے اعلان کردیا کہ ان کی پانچویں فلم 'قائداعظم زندہ باد' میں کوئی اور نہیں بلکہ ماہرہ خان مرکزی کردار نبھانے جارہی ہیں۔
ماہرہ خان نبیل قریشی کی کامیاب فلم 'ایکٹر ان لا' میں ایک سین کے لیے جلوہ گر ہوئی تھیں، اس فلم میں بھی فہد مصطفیٰ ہیرو بنے تھے، تاہم اب تک ان دونوں کی ایک ساتھ اور کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی۔
یہ پہلی فلم ہوگی جس میں یہ دونوں اداکار اکٹھے نظر آئیں گے۔
نبیل قریشی نے ماہرہ کو کاسٹ کرنے کی خبر کا اعلان ٹوئٹر پر کیا۔
جبکہ ماہرہ نے بھی نبیل کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'ویسے فہد نے اب تک ویڈیو میں پوچھے گئے میرے سوال کا جواب نہیں دیا'۔
البتہ اس ٹوئٹ پر فلم کی پروڈیوسر فضا علی میرزا نے بھی باقی مداحوں کی طرح ماہرہ سے پوچھا کہ وہ کس ویڈیو کی بات کررہی ہیں؟
فضا علی میرزا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس خبر کو شیئر کیا۔
یاد رہے کہ ماہرہ خان نے گزشتہ سال بی بی سی اردو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ فہد مصطفیٰ کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ ماضی میں ان دونوں کو کئی پروجیکٹس آفر کیے جاچکے ہیں تاہم ہر بار کسی نہ کسی وجہ کے باعث یہ دونوں ایک ساتھ کام نہیں کرسکے۔
'قائداعظم زندہ باد' کی کہانی ایکشن اور کامیڈی پر مبنی ہے، جو ایک پولیس اہلکار کے کردار کے گرد گھومتی ہے۔
یہ فلم اگلے سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوگی۔
خیال رہے کہ یہ نبیل قریشی اور فضا علی میرزا کی پانچویں فلم ہے، اس سے قبل سامنے آئی چاروں فلموں 'نامعلوم افراد'، 'ایکٹر ان لا'، 'نامعلوم افراد 2' اور 'لوڈ ویڈنگ' میں فہد مصطفیٰ نے ہی مرکزی کردار نبھایا تھا۔
پہلی فلم 'نامعلوم افراد' 2014 میں سامنے آئی تھی جس میں فہد نے جاوید شیخ، عروہ حسین اور محسن عباس حیدر کے ساتھ کام کیا تھا۔
بعدازاں 'ایکٹر ان لا' 2016 میں ریلیز ہوئی جس میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ مہوش حیات نظر آئیں، فلم میں بھارتی اداکار اوم پوری بھی شامل تھے۔
'نامعلوم افراد' کا سیکوئل 2017 میں سینما گھروں میں پیش ہوا، اس فلم میں ہانیہ عامر بھی باقی کاسٹ کا حصہ بنی۔
جبکہ 'لوڈ ویڈنگ' گزشتہ سال ریلیز ہوئی، جس میں فہد اور مہوش کی جوڑی دوبارہ ایک ساتھ نظر آئی۔
یہ چاروں ہی فلمیں سینما گھروں میں کامیاب ہوئیں جبکہ فلم کو تجزیہ کاروں اور شائقین کا مثبت ردعمل ملا۔