• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور

شائع October 22, 2019
سابق وزیر اعظم کے داماد کو عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں گزشتہ روز اسلام پورہ پولیس نے گرفتار کیا تھا — فائل فوٹو/ڈان نیوز
سابق وزیر اعظم کے داماد کو عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں گزشتہ روز اسلام پورہ پولیس نے گرفتار کیا تھا — فائل فوٹو/ڈان نیوز

لاہور کی ضلعی عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو گزشتہ روز اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

آج کیپٹن (ر) صفدر کو سخت سیکیورٹی میں ضلعی عدالت میں پیش کیا گیا۔

تھانہ اسلام پورہ میں ان کے خلاف درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

دوران سماعت کیپٹن (ر) صفدر کے وکیل فرہاد علی نے عدالت سے کہا کہ 'کسی کی منشا پر کسی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا، سیکشن 16 کو لاگو کرنے سے پہلے حکومت کی ہدایت ضروری ہوتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'حکومت نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نظر بندی کا کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، ڈپٹی کمشنر تحریری طور پر نظر بندی کا حکم دے سکتا ہے تاہم یہاں کوئی تحریری آرڈر جاری نہیں کیا گیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'میرے موکل کا کسی کالعدم تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو صرف سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا ہے'۔

وکیل کا کہنا تھا کہ 'اگر ویڈیو کے معاملے پر گرفتاری کی ہے تو پھر بھی پولیس کا اختیار نہیں ہے، عدالت کا وقت ختم ہونے کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو 6 بجے پیش کیا گیا یہ قانون کے منافی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف جھوٹے اور بھونڈے الزامات لگائے جا رہے ہیں'۔

فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 'ملک کے اندر لوگ غربت، بھوک اور ادویات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مر رہے ہیں، ایک لانگ مارچ نکالا جا رہا جس کی وجہ سے یہ گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے'۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 'کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف کیس فوری طور پر خارج کیا جائے'۔

عدالت میں کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ 'میری اہلیہ اور میاں نواز شریف عدالت میں پیشیاں بھگت رہے ہیں، احتساب عدالت میں پولیس والے نے خواتین پر تشدد کیا تھا جس پر میں نے روکا تو میرے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اُس کیس میں مجھے ضمانت ملی لیکن گزشتہ روز کسی اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا'۔

انہوں نے بتایا کہ 'مجھے 24 گھنٹے حبس بے جا میں رکھا گیا اور صبح ایف آئی آر درج کی گئی، چند قوتیں میرے پیچھے ہیں، مجھے نا اہل کرایا گیا اور سزا دلوائی گئی تھی'۔

عدالت میں سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 'کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج پولیس نے گرفتار کیا ہے، ان کے خلاف سنگین الزامات ہیں اور یہ سزا یافتہ بھی ہیں'۔

سرکاری وکیل نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی تقریر کی سی ڈی عدالت میں پیش کر دی جس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے آرمی چیف پر الزمات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مدت ملازمت میں توسیع کے لیے مینڈیٹ چوری کروایا ہے'۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ 'کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا آڈیو اور ویڈیو ٹیسٹ ہونا ہے جس کے لیے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

تاہم عدالت نے پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائر صفدر کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

بعد ازاں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ضلعی عدالت میں اپنی ضمانت کی درخواست بھی دائر کر دی جس پر عدالت نے حکومت کو 24 اکتوبر کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024