• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی وفد کی آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقات، معاشی اقدامات پر بریفنگ

شائع October 19, 2019
پاکستان وفد کی سربراہی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کی—فوٹو: طاہر شیرانی
پاکستان وفد کی سربراہی مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کی—فوٹو: طاہر شیرانی

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی جانب سے معاشی استحکام کے حصول کے لیے پیش رفت اور اصلاحات لانے کے لیے حکومتی عزم کی تعریف کی ہے۔

اس حوالے سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے مشرقی وسطیٰ اور وسطی ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جہاز آزعور سے ملاقات کی اور پاکستان کو اس کے معاشی بحران سے نکالنے کے لیے عالمی قرض دہندہ کے پروگرام کے عملدرآمد پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ ملاقات واشنگٹن میں ہوئی، جہاں پاکستانی وفد عالمی بینک-آئی ایم ایف گروپ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ پاکستانی معیشت کے لیے کتنا خطرناک ہے؟

پاکستانی وفد میں شامل اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے صدر رضا باقر اور فنانس سیکریٹری نوید کامران بلوچ نے بھی ایشائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر تاکی ہیکو ناکاؤ سے ملاقات کی، اس دوران مشیر خزانہ نے انہیں کرنٹ اور کپیٹیل اکاؤنٹ خسارہ کو کم کرنے کے لیے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

اے ڈی بی کے صدر نے پاکستان کی جانب سے ملک میں اصلاحات اور معاشی استحکام لانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی، ساتھ ہی انہوں نے بینک کی فنڈنگ سے پاکستان میں جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اے ڈی بی کو ملک کا ایک 'ایک اہم مالی پارٹنر' قرار دیا۔

علاوہ ازیں عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشائی ہارٹ وگ شیفر اور ان کی ٹیم سے بھی ملاقات کی، اس دوران باڈی نے پاکستان میں اپنے پورٹ فولیو کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر دونوں فریقین نے پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

آئی ایم ایف-عالمی بینک کے اجلاس کی سائڈ لائن پر وفد نے جی 24 وزرا اور گورنرز کے اجلاس میں بھی شرکت کی، اس کے علاوہ عبدالحفیظ شیخ نے جنوب ایشیائی ایسوسی ایشن برائے علاقائی تعاون (سارک) کے وزرا خزانہ سے بھی غیررسمی ملاقات بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال: پہلی سہ ماہی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 64 فیصد کم ہوگیا

دریں اثنا پاکستانی وفد نے اسٹینڈرنڈ چارٹرڈ گلوبل انویسٹر فورم میں بھی شرکت کی، جہاں مشیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال کا جائزہ پیش کیا اور شرکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

ساتھ ہی امریکی ایوان صنعت و تجارت میں امریکا-پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں پاکستانی وفد نے شرکت کی، اس ظہرانے میں ایس اینڈ پی گلوبل، پیپسی کو، موٹرولا سولیوشنز، سی ٹی، گوگل، ایگزون موبل سمیت بین الاقوامی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹو نے بھی شرکت کی۔

عبدالحفیظ شیخ نے شرکا کو حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کمپنیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر زور دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024