اوپو کے نئے فلیگ شپ فونز پاکستان میں متعارف
اوپو نے اپنے فلیگ شپ رینو سیریز کے 2 نئے فونز پاکستان میں متعارف کرادیئے ہیں۔
رینو 2 اور رینو 2 ایف کے نام سے یہ اسمارٹ فونز رواں سال ہی متعارف کرائے جانے والے رینو فونز کے اپ ڈیٹ ورژن ہیں۔
ان دونوں فونز میں بیک پر 4 بیک کیمرے دیئے گئے ہیں تاہم پراسیسر کا فرق ہے۔
رینو 2 درحقیقت رینو 10 ایکس جتنا طاقتور نہیں جو کہ اب بھی اس سیریز کا تیز ترین فون ہے جس میں اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا گیا ہے۔
بنیادی طور پر اس سیریز کے فونز اسٹینڈرڈ رینو فون کے اپ ڈیٹ ورژن اور مڈرینج سمجھے جاسکتے ہیں۔
رینو 2 میں 6.5 انچ ڈائنامک امولیڈ ڈسپلے، اسنیپ ڈراگون 730 پراسیسر، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
اس کے بیک پر 48 میگا پکسل مین کیمرا، 8 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا، 13 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس اور 2 میگا پکسل مونوکروم سنسر دیا گیا ہے جس کے ساتھ 5 ایکس ہائیبرڈ اور 25 ایکس ڈیجیٹل زوم موجود ہے۔
اس کے فرنٹ پر شارک فن کی شکل میں 16 میگا پکسل پوپ اپ سیلفی کیمرا موجود ہے جس کے ساتھ ایل ای ڈی فلیش بھی دی گئی ہے۔
رینو 2 ایف فیچرز کے لحاظ سے کمتر سمجھا جاسکتا ہے جس میں ورٹیکل پوپ اپ سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
رینو 2 ایف میں ہیلیو پی 70 پراسیسر موجود ہے،8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جبکہ 6.5 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے ہے۔
اس فون میں بھی بیک پر 4 کیمرے موجود ہیں، جن میں 48 میگا پکسل کیمرا، 8 میگا پکسل وائیڈ اینگل کیمرا، 2 میگا پکسل مونوکروم لین اور 2 میگا پکسل پورٹریٹ لینس شامل ہیں۔
دونوں فونز میں یو ایس بی ٹائپ سی، وی او او سی 3.0 فاسٹ چارجنگ سپورٹ، ہیڈ فون جیک، 4000 ایم اے ایچ بیٹری، ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سنسر اور اوپو کلر او ایس 6.1 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج اینڈرائیڈ پائی سے کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایس ڈی کارڈ سپورٹ بھی موجود ہے جس سے اسٹوریج کو بڑھایا جاسکتا ہے۔
یہ دونوں فونز پری آرڈر میں دستیاب ہیں اور رینو 2 کی قیمت 79 ہزار 999 روپے جبکہ 2 ایف کی 59 ہزار 999 روپے رکھی گئی ہے۔