• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بھوک کا شکار ممالک کی فہرست میں بھارت کی تنزلی، پاکستان کی صورتحال بہتر

شائع October 16, 2019 اپ ڈیٹ October 17, 2019
بھارت گزشتہ برس 95 نمبر پر موجود تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
بھارت گزشتہ برس 95 نمبر پر موجود تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں بھوک کا شکار ممالک کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 117 ممالک میں 94 نمبر پر آگیا جبکہ پڑوسی ملک بھارت کا نمبر تنزلی کے بعد 102 پر پہنچ گیا۔

بھوک اور غذائی قلت کا اندازہ لگانے والے گلوبل ہَنگر انڈیکس 2019 (جی ایچ آئی) کے مطابق بیلاروس، یوکرین، ترکی، کیوبا اور کویت ان 17 ممالک میں شامل ہیں جو اس درجہ بندی میں اعلیٰ درجے پر رہے اور ان کا جی ایچ آئی اسکورز 5 سے کم رہا۔

اس حوالے سے بلوم برگ کوئنٹ نے رپورٹ کیا کہ درجہ بندی میں بھارت کا نمبر گزشتہ برس کے مقابلے میں کم رہا، 2018 میں بھارت گلوبل ہنگر انڈیکس میں 95 نمبر پر تھا جو اس برس 102 پر پہنچ گیا۔

مزید پڑھیں: بھوک کا شکار 118 ملکوں میں پاکستان کا 107 واں نمبر

آئرش ایڈ ایجنسی کنسرن ورلڈ وائڈ اور جرمنی کی تنظیم ویلٹ ہنگر ہائلف کی جانبس ے مشترکہ طور پر تیار کی گئی اس رپورٹ میں بھارت میں بھوک کی سطح کو 'سنگین' قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ سال 2000 میں بھارت 113 ممالک میں 83 ویں نمبر پر موجود تھا۔

تاہم اب 117 ممالک میں سے اس کا نمبر 102 پر آگیا اور اس کا جی ایچ آئی اسکور بھی کم ہوا، اگر اسی اسکور پر نظر ڈالیں تو یہ 2005 میں 38.9 سے کم ہوکر 2010 میں 32 پر آگیا تھا اور اب 2019 میں یہ 30.3 پر پہنچ گیا ہے۔

پاکستان کے جی ایچ آئی کی بات کریں تو یہ 2000 میں 38.3 تھا جو 2005 میں کم ہوکر 37.0 ہوگیا جبکہ 2010 میں یہ 35.9 کی شرح پر آگیا اور 2019 میں 28.5 پر آگیا۔

واضح رہے کہ گلوبل ہنگر انڈیکس اسکور کا حساب 4 اشاروں پر کیا جاتا ہے۔

1. ناکافی خوراک

2. چائلڈ ویسٹنگ: 5 سال سے کم عمر بچے اس کا شکار ہوتے ہیں، جس کی وجہ سےان کے قد کے حساب سے ان کا وزن کم ہوتا ہے اور یہ شدید غذائیت کی عکاسی کرتا ہے۔

3. چائلڈ اسٹننگ: 5 سال سے کم عمر وہ بچے جو اپنی عمر کے حساب سے کم قد رکھتے ہیں، وہ دائمی غذائیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

4. بچوں کی اموات: 5 سال سے کم عمر بچوں میں اموات کی شرح

اگر جی ایچ آئی میں دیگر ممالک کی درجہ بندی کو دیکھیں تو بھارت کے پڑوسی ممالک میں بھوک اور غذائی قلت کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غذائی قلت کے خاتمہ کیلئے جاپان ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی امداد دے گا

عالمی ہنگر انڈیکس کے مطابق 117 ممالک میں سری لنکا 66، نیپال 73، بنگلہ دیش 88، میانمار 69 اور پاکستان 94 نمبر پر ہیں.

تاہم یہ سب ممالک بھی 'سنگین' بھوک کا شکار درجہ بندی میں آتے ہیں لیکن انڈیکس کے مطابق بھارت کے مقابلے میں ان ممالک نے اپنے شہریوں کو بہتر خوراک فراہم کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024