• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دورہ پاکستان کے تیسرے روز شاہی جوڑے کی چترال آمد

شائع October 16, 2019
چترال ایئرپورٹ آمد پر  ضلعی کمشنر (ڈی سی ) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر( ڈی پی او) نے  شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔   فوٹو: اے ایف پی
چترال ایئرپورٹ آمد پر ضلعی کمشنر (ڈی سی ) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر( ڈی پی او) نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔ فوٹو: اے ایف پی
شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی  کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا — فوٹو: اسکرین شاٹ
شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا — فوٹو: اسکرین شاٹ

برطانوی شہزادے ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن پاکستان کے دورے کے تیسرے دن کے آغاز پر صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر چترال کے دورے پر ہیں۔

چترال ایئرپورٹ آمد پر ضلعی کمشنر (ڈی سی ) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر( ڈی پی او) نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا۔

اس موقع پر شاہی جوڑے کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی، ساتھ ہی شہزادے ولیم کو روایتی چغہ اور شہزادی کیٹ کو شال کا تحفہ بھی دیا گیا۔

شاہی جوڑے کو شہزادی ڈیانا کے دورے پر مشتمل تصویری کتاب بھی تحفے میں پیش کی گئی، انہوں نے 1991 میں وادی کا دورہ کیا تھا۔

اس موقع پر برطانوی شاہی جوڑے نے ہیلی کاپٹر میں کوہِ ہندوکش کے خوبصورت نظاروں سے لطف اٹھایا،بعدازاں شاہی جوڑا ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال کے پر فضا مقام بروغل روانہ ہوگیا۔

مزید پڑھیں: شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات

شہزادے ولیم اور کیٹ میڈلٹن کی جانب سے چترال میں واقع وادی کیلاش کی سیر کرنے کا بھی امکان ہے۔

شاہی نامہ نگار برائے دی سن ایمیلی اینڈریو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ’ شاہی جوڑا مقامی دیہاتوں میں سیلاب کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے چترال کا دورے پر ہے‘۔

واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر 14 اکتوبر کی رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔

دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا تھا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا تھا۔

وہ اسلام آباد میں ٹریل 5 کے مقام پر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں شریک ہوئے جہاں انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

مزید پڑھیں: شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: کیٹ مڈلٹن کا لباس کس سے متاثر تھا؟

بعد ازاں انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

صدر مملکت اور خاتون اول نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا اور ذہنی صحت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور غربت کے خاتمے جیسے مسائل کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جس کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم عمران خان نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔

بعدازاں اسلام آباد میں یادگار پاکستان میں تقریب میں برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن روایتی مشرقی لباس زیب تن کیے ٹرک آرٹ سے سجے رکشے میں سوار ہو کر پہنچے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ولیم کا دہشت گردی کےخلاف جنگ میں قربان ہونے والے پاکستانیوں کو خراج تحسین

شاہی جوڑے نے پاکستان کے قومی پرچم کے سبز رنگ کی مناسبت سے سبز رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔

تقریب میں کھیل اور شوبز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم، ڈیزائنر حسن شہریار یاسین، کرکٹر محمد حفیظ، اداکارہ ماہرہ خان، حریم فاروق اور مہوش حیات اور گلوکار عاطف اسلم بھی شامل تھے۔

برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ ولیم نے پاکستان کی تعمیر اور ملک کی بقا کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024