• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

رونالڈو نے 700 گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا

شائع October 15, 2019 اپ ڈیٹ October 18, 2019
کرسٹیانو رونالڈو نے یورو کپ کوالیفائر میں یوکرین کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا— فوٹو: اے ایف پی
کرسٹیانو رونالڈو نے یورو کپ کوالیفائر میں یوکرین کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا— فوٹو: اے ایف پی

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے 700 گول کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بن گئے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے یہ اعزاز یوکرین کے شہر کیو میں یورو 2020 کے کوالیفائر کے سلسلے میں پرتگال اور یوکرین کے درمیان کھیلے گئے میچ میں حاصل کیا۔

رونالڈو نے 973 میچز میں 700 گول مکمل کیے جہاں انہوں نے 95 گول پرتگال کی جانب سے کھیلتے ہوئے اسکور کیے جبکہ باقی گول کلب فٹبال میں اسکور کیے۔

رونالڈو نے سب سے زیادہ گول ریال میڈرڈ کے لیے کھیلتے ہوئے کیے جہاں انہوں نے ہسپانوی کلب کے لیے 438 میچ کھیلتے ہوئے گیند کو 450 مرتبہ جال کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل انہوں نے چھ سیزنز میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی 232 میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 118 گول اسکور کیے تھے جبکہ وہ یوونٹس سے کھیلتے ہوئے 51 میچوں میں 38 گول اسکور کر چکے ہیں۔

کیریئر میں کئی ریکارڈز اپنے نام کرنے والے رونالڈو نے کہا کہ میں ریکارڈ کے لیے نہیں کھیلتا بلکہ یہ تو قدرتی طور پر بنتے چلے جاتے ہیں، میں ریکارڈز پر نظریں نہیں رکھتا بلکہ ریکارڈز خود میرا پیچھا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرے کیریئر کا بہترین لمحہ ہے لیکن شکست کے سبب یہ مزہ کرکرا ہو گیا، ہم اچھا کھیلے لیکن جیت نہ سکے۔

اس سے قبل میچ میں یوکرین نے پرتگال کو 1-2 سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔

میچ میں یوکرین کی ٹیم ابتدا سے ہی حاوی رہی اور چھٹے منٹ میں گول اسکور کر کے میچ میں برتری حاصل کی اور پھر 27ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کر کے اپنی برتری کو دگنا کردیا۔

پرتگال کی ٹیم نے گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں لیکن کامیاب نہ ہو سکی البتہ 72ویں منٹ میں انہیں پینالٹی ملی جس پر رونالڈو گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

البتہ اس کے بعد متعدد کوششوں کے باوجود بھی پرتگال کی ٹیم میچ برابر نہ کر سکی اور یوکرین نے میچ میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔

اس میچ میں شکست کے باوجود 6 میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ پرتگال کی ٹیم گروپ 'جی' میں پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024