اشنا شاہ کو ڈیلیوری بوائے کے ساتھ نامناسب رویے پر تنقید کا سامنا
اداکارہ اشنا شاہ کو پزا ڈیلیوری بوائے کے ساتھ جنسی امتیاز پر مبنی سلوک اختیار کرنے پر آن لائن تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف سخت زبان استعمال کی جا رہی ہے۔
اداکارہ کے خلاف آن لائن تنقید کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹوئٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ انہیں پیزا دینے کے لیے آنے والا لڑکا ان کے ہاتھ میں کتا دیکھ کر ڈر گیا اور اس نے گھر میں داخل ہونے سے منع کیا۔
اشنا شاہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ انہوں نے رات دیر گئے پیزا منگوایا اور جب ڈیلیوری کے لیے ایک نوجوان لڑکا آیا تو انہوں نے ان کے گھر کے اندر داخل ہونے سے منع کیا۔
اداکارہ کے مطابق چوں کہ ان کو گود میں کتا تھا اس لیے پیزا ڈیلیوری بوائے ڈر گیا اور انہوں نے اندر آنے سے منع کیا۔
اشنا شاہ نے بتایا کہ وہ 10 منٹ تک پیزا ڈیلیوری بوائے کو سمجھاتی رہیں کہ کتا انہیں کچھ نہیں کہے گا، وہ اندر آجائیں لیکن ڈیلیوری بوائے نے ایسا کرنے سے صاف انکار کیا۔
اداکارہ کے مطابق جب پیزا ڈیلیوری کرنے والے لڑکے نے انکار کیا تو انہوں نے اس کی مردانگی کو للکارا اور اسے جنسی تفریق پر مبنی جملے کہے جس کے بعد ڈیلیوری بوائے اندر آکر پیزا رکھ گیا۔
اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے لڑکے کو بولا کہ ’وہ چار سال کی بچے نہیں ہیں، وہ مرد ہیں اور مرد بن کر اندر آئیں اور ڈرے نہیں‘ جس کے بعد لڑکا اندر آیا اور پیزا دے کر چلا گیا۔
اداکارہ کی جانب سے یہی ٹوئٹ کیے جانے کے بعد انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
متعدد افراد نے اشنا شاہ کے رویے کو جنسی تفریق پر مبنی رویہ قرار دیا اور کہا کہ اداکارہ کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا کیوں کہ کوئی بھی شخص کتوں اور جانوروں سے ڈر سکتا ہے۔
ساتھ ہی کچھ افراد نے کہا کہ چوں کہ پیزا ڈیلیوری بوائے کے پاس اور بھی کھانے ہوں گے اس لیے وہ کتے کے سامنے آکر کسی نقصان سے بچنے کی وجہ سے اندر داخل نہیں ہونا چاہ رہا ہوگا، اس لیے اداکارہ کو اس کے مسئلے کو سمجھنا چاہیے تھا۔
بعض افراد نے اداکارہ کو تجویز دی کہ پیزا ڈیلیوری بوائے کے ساتھ 10 منٹ تک بحث کرنے اور اس کی مردانگی کو للکارنے سے اچھا تھا کہ وہ اپنے کتے کو پیچھے کر کے خود ان سے پیزا وصول کرلیتیں۔
کچھ افراد نے اداکارہ کو کہا کہ پیزا ڈیلیوری بوائے کم تنخواہ پر زیادہ دیر تک اضافی کام کرتے ہیں اور وہ پریشان ہوتے ہیں، اس لیے اداکارہ کو ان کے ساتھ ایسا رویہ زیب نہیں دیتا۔
کچھ لوگوں نے اشنا شاہ کے اس عمل کو سستی شہرت بھی قرار دیا اور کئی افراد نے ان کے خلاف نامناسب زبان بھی استعمال کی۔
لوگوں کی شدید تنقید کے بعد اداکارہ نے ایک اور وضاحتی اور طویل ٹوئٹ میں بتایا کہ پیزا بوائے ان کے چھوٹے کتے سے ڈرنے کی وجہ سے اندر نہیں آ رہا تھا لیکن اپنی مردانگی للکارے جانے پر وہ اندر آگیا۔
اداکارہ نے اپنی طویل پوسٹ میں لکھا کہ وہ پیزا ڈیلیوری بوائے کو مذاق نہیں بنا رہیں بلکہ وہ اس مسئلے کو اجاگر کرنا چاہتی ہیں کہ ایک شخص جو کام کرنے کے لیے تیار نہیں تھا وہ مردانگی للکارے جانے پر کام کر گیا۔
اداکارہ نے اپنے عمل کو غلط قرار نہیں دیا اور انہوں نے وضاحت کی کہ انہیں غلط سمجھنے والے افراد مسئلے کو سمجھنے کے بجائے ان کے خلاف فضول میں مہم چلا رہے ہیں۔
تبصرے (5) بند ہیں