شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان: صدر مملکت اور وزیراعظم سے ملاقات
برطانیہ کے ڈیوک اینڈ ڈچز آف کیمبرج اور ملکہ برطانیہ کے پوتے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیتھرین مڈلٹن نے پاکستان آمد کے دوسرے روز مختلف تقریبات میں شرکت کی اور مختلف مقامات کے دورے کیے۔
انہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی جس میں شاہی جوڑے کے ہمراہ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور دیگر سفارتی عہدیدار بھی شریک ہوئے۔
صدر مملکت اور خاتون اول نے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا استقبال کیا اور ذہنی صحت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور غربت کے خاتمے جیسے مسائل کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ نے گرمجوش سے استقبال پر صدر کا شکریہ ادا کیا اور ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے اور غربت کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
جس کے بعد وہ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم عمران خان نے خود ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم ہاؤس آمد کے موقع پر انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی۔
اسکول کا دورہ
اس سے قبل پاکستان کے دورے کے دوسرے دن کا آغاز برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول یونیورسٹی کالونی اسلام آباد کا دورہ کر کے کیا اور ’ٹیچ فار پاکستان‘ مہم کے اثرات کا جائزہ لیا۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق شاہی جوڑے نے اسکول کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی جماعت کا معائنہ بھی کیا، وہ اسکول کے طلبا میں گھل مل گئے۔
اس موقع پر اسکول کی انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو اسکول سے متعلق بریفنگ دی اور انہیں پاکستان کے تعلیمی نظام سے آگاہ کیا۔
جس کے بعد وہ اسلام آباد میں ٹریل 5 کے مقام پر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق تقریب میں شریک ہوئے جہاں انہیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
دوسرے دن کی مصروفیات کے دوران شاہی جوڑا اسلام آباد یادگار بھی جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستانیوں میں مقبول شہزادی ڈیانا کے بیٹے اور بہو 5 روزہ دورے پر گزشتہ رات ساڑھے 9 بجے اسلام آباد پہنچے تھے، ان کا یہ دورہ 14 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
برطانوی شاہی جوڑے کا خصوصی طیارہ نورخان ایئربیس پہنچا تھا، جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو اور دیگر حکام نے ان کا ریڈ کارپیٹ استقبال کیا تھا جبکہ بچوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے تھے۔
سیکیورٹی انتظامات
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مقامی فورسز کی معاونت کے لیے برطانیہ سے بھی سیکیورٹی اہکار آئے ہیں۔
برطانیہ سے آنے والے 6 رکنی دستے نے دارالحکومت کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا اور شاہی جوڑے کی حفاظت کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ پاک فوج، رینجرز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے دستے بھی وی وی آئی پی دورے کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
شہر میں ان کی آمدو رفت کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ انہیں باکس سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی جبکہ ڈپلومیٹک انکلیو میں ان کی قیام گاہ کے اطراف بھی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔