’نوری‘ کے بولڈ ڈانس کے بعد ماہرہ خان کے ’عربی رقص‘ کے چرچے
’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان نے رواں برس ریلیز ہونے والی فلم ’سپر اسٹار‘ کے گانے ’نوری‘ پر انتہائی بولڈ ڈانس کرکے سب کے دل جیتے تھے۔
اور حال ہی میں انہیں فیشن اور خوشبوؤں کے شہر ’پیرس‘ میں فیشن ویک کے دوران جلوے بکھیرتے اور رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اگرچہ ماہرہ خان کے پیرس فیشن ویک کے جلووں کو سراہا گیا اور اس دوران ان کی برطانوی اداکارہ ہیلن مرن کے ساتھ کئے گئے ڈانس کو بھی خوب سراہا گیا تھا۔
تاہم اب اداکارہ کے اسی فیشن شو کے دوران آسٹریلوی نژاد لبنانی اداکارہ دانیلا راحمے کے ساتھ عربی گانے پر کیے گئے رقص کے چرچے ہو رہے ہیں۔
دراصل ماہرہ خان اور لبنانی گلوکارہ نے فیشن ویک کے دوران پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے معروف گلوکار حسین الجسمی کے گانے ’مہم جدا‘ پر رقص کیا تھا، جس کی ویڈیو اب لبنانی اداکارہ نے شیئر کی۔
28 سالہ لبنانی اداکارہ دانیلا راحمے نے ماہرہ خان کے ساتھ عربی گانے پر رقص کرنے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہیں ان کی پاگل و خوبصورت دوست ماہرہ خان کی یاد آتی ہے‘۔
لبنانی گلوکارہ کی جانب سے گانے کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں اور دونوں اداکاراؤں کی ڈانس کی تعریف کر رہے ہیں۔
یہ گانا یو اے ای کے معروف گلوکار حسین الجسمی نے رواں برس 10 اگست کو ریلیز کیا تھا، جسے اب تک یوٹیوب پر تقریباََ 2 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے۔
اس گانے کے علاوہ بھی حسین الجسمی کے کئی گانے مشرق وسطیٰ میں مقبول ہیں، تاہم ان کے اس تازہ گانے نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور یہ دیکھتے ہی دیکھتے نئی نسل کا پسندیدہ گانا بن گیا۔
حسین الجسمی کے اسی گانے پر لبنانی و پاکستانی اداکارہ کے علاوہ بھی مشرق وسطیٰ کی کئی اداکارائیں پرفارمنس کر چکی ہیں۔
لبنانی اداکارہ دانیلا راحمے نے ماہرہ خان کے ساتھ پیرس فیشن ویک پر میک اپ برانڈ ’لوریل‘ کی نمائندگی کی تھی اور ان دونوں کے علاوہ بھی اس برانڈ کی دیگر ممالک کی خواتین نے ریمپ پر ایک ساتھ واک کی تھی۔
اسی برانڈ کی تشہیر کے دوران بھی ماہرہ خان اور دانیلا راحمے نے ایک ساتھ واک کرنے سمیت متعدد تصاویر بھی بنوائی تھیں جب کہ ماہرہ خان نے اسی واک کے دوران ہی برطانوی اداکارہ کے ساتھ ڈانس کی تھی۔
ماہرہ خان کے پیرس فیشن ویک کے ڈریس اور اسٹائل کو سراہا گیا تھا اور جس میں انہوں نے قدرے مغربی انداز اپنایا تھا۔