انسداد پولیو مہم: اسلام آباد میں دوسرے روز کی سرگرمیوں کا افتتاح
انسداد پولیو پروگرام پاکستان نے فاطمہ جناح پارک اسلام آباد میں دو روزہ مہم کے دوسرے روز کی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔
انسداد پولیو پروگرام پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ‘مہم کا مقصد پاکستان میں پولیو کے حوالے سے آگاہی دینا اور شہریوں کو اس مقصد میں تعاون کے لیے یکجا کرنا ہے’۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں ‘آئی ایم ایراڈیکیٹنگ پولیو’ کے عنوان سے جاری مہم میں سیکڑوں شہریوں نے حصہ لیا، شہریوں کی گاڑیوں میں اس حوالے سے اسٹکرز لگائے گئے۔
ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے جاری مہم کے دوران شہریوں نے پارک میں لگائے گئے سیلفی بوتھ کے سامنے تصاویر بھی لیں اور ‘آئی ایم ایراڈیکیٹنگ پولیو’ مہم کے حق میں اپنا پیغام بھی تحریر کیا۔
پولیو کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ‘پولیس وائرس کے حوالے سے لاعلمی اور ملک کے متعدد علاقوں میں پولیو ویکسین کی مخالفت سے رواں سال پاکستان میں پولیو کے کیسز میں اضافہ ہوچکا ہے’۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے
ان کا کہنا تھا کہ ‘ون ویژن انشیٹیو’ کو جلد ہی ملک بھر ‘خاص کر ان اضلاع اور مقامات پر جہاں آگاہی کم ہے اور پولیو کے قطرے پلانے سے انکار اور مزاحمت کی جاتی ہے’ ان علاقو میں شروع کیا جائے گا۔
پروگرام کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مہم سے پولیو کے خطرناک اثرات سے شہریوں کو آگاہ کرنے، پولیو کے حوالے سے قومی بیانیے کو بہتر کرنے اور خاتمے میں مدد ملے گی۔
مزید کہا گیا ہے کہ مہم سے قاتل وائرس کے خطرات کو ختم کرنے کے لیے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو متحد کرنے میں مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔