• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ریلیز سے قبل ’زندگی تماشا‘ عالمی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب

شائع October 13, 2019
فلم میں ایمان سلیمان نے اہم کردار ادا کیا ہے — اسکرین شاٹ
فلم میں ایمان سلیمان نے اہم کردار ادا کیا ہے — اسکرین شاٹ

فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فیچر فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ 29 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی۔

فلم کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے لیکن اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی انتہائی حساس اور اہم موضوع کے گرد گھومتی ہے۔

فلم کے ٹریلر میں عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم میں مذہب اور سیاست کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنا مقاصد حاصل کرنے والے افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔

فلم میں کچھ کرداروں کو بظاہر اچھے مگر چھپے ہوئے خراب کرداروں میں بھی دکھایا گیا تھا۔

زندگی تماشا کے ٹریلر کو بہت سراہا گیا—اسکرین شاٹ
زندگی تماشا کے ٹریلر کو بہت سراہا گیا—اسکرین شاٹ

ٹریلر کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ فلم کو رواں ماہ 2 اکتوبر سے جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریلیز سے قبل ’زندگی تماشا‘ عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد

بعد ازاں فلم ساز سرمد کھوسٹ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا تھا کہ ان کی فلم کو بوسان فلم فیسٹیول میں ’کم جیسوئک‘ ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

’کم جیسوئک‘ بوسان فلم فیسٹیول کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ہے جو ہر سال کسی ایک فلم کو دیا جاتا ہے۔

فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا —اسکرین شاٹ
فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا —اسکرین شاٹ

اور اب یہی ایوارڈ پاکستانی اور بھارتی فلموں کو مشترکہ طور پر دے دیا گیا۔

شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق بوسان فلم کے اعلیٰ ترین ایوارڈ میں شمار ہونے والا ’کم جیسوئک‘ ایوارڈ پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ اور بھارتی فلم ’مارکیٹ‘ کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔

بھارتی فلم ’مارکیٹ‘ کی ہدایات پردیپ کرباہ نے دی ہیں اور اس فلم کا ٹریلر بھی گزشتہ ماہ 8 ستمبر کو جاری کیا گیا تھا۔

’مارکیٹ‘ کی کہانی بھارت کی شمالی ریاست میگھالیہ کے دارالحکومت ’شلونگ‘ میں واقع ’لیودھ‘ نامی ایک قدیم ترین بازار میں کام کرنے والے مختلف قبائل اور مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔

’مارکیٹ‘ میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ایک ہی مارکیٹ میں الگ الگ نسلوں اور عقائد سے تعلق رکھنے والے افراد کس قدر ایک دوسرے سے مشابہت رکھتے ہیں اور کس طرح ان کے درد، ان کی خوشیاں اور مسائل ایک جیسے ہی ہیں۔

مارکیٹ کی کہانی بھارتی شہر شلونگ کے قدیم ترین بازار کے افراد کی زندگی کے گرد گھومتی ہے —اسکرین شاٹ
مارکیٹ کی کہانی بھارتی شہر شلونگ کے قدیم ترین بازار کے افراد کی زندگی کے گرد گھومتی ہے —اسکرین شاٹ

پاکستانی اور بھارتی فلم سازوں کو ایرانی فلم ساز نے ایوارڈ دیا۔

خیال رہے کہ پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ کی کہانی نرمل بانو نے لکھی ہے اور اسے سرمد کھوسٹ نے بنایا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں عارف حسین، سمیعہ ممتاز، علی قریشی اور ایمان سلیمان سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024