چین سے تجارتی مذاکرات میں اچھی باتیں ہورہی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ ہونے والے تجارتی مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات میں اچھی باتیں ہو رہی ہیں۔
چین کے ساتھ تجارت کے حوالے سے پائی جانے والی کشیدگی پر مذاکرات کے دوسرے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ‘چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات کے اجلاس میں اچھی باتیں ہورہی ہیں، ماضی قریب کے مقابلے میں اچھا احساس ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میری ملاقات نائب وزیراعظم سے ہوگی اور ایسا لگتا ہے کہ خاص ہونے جارہا ہے’۔
مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘چین سے معاہدے کے حوالے اچھی بات یہ ہے کہ کانگریس سے منظوری کے سیاسی پیچیدہ عمل سے ہمیں نہیں گزرنا ہے’۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘جب معاہدہ مکمل طور پر تیار ہوگا تو میں اپنے ملک کی طرف سے شفاف انداز میں دستخط کروں گا’۔
یاد رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی گزشتہ برس شروع ہوئی تھی جب ٹرمپ نے چینی مصنوعات پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے ردعمل میں چین نے بھی اسی طرح کے اقدامات کیے تھے۔
مزید پڑھیں:تجارتی جنگ: امریکا کا چینی مصنوعات پر نیا ٹیرف نافذ کرنے کا اعلان
امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اس دوران کئی مرتبہ مذاکرات بھی ہوئے جو ناکامی پر ختم ہوئے تھے، تاہم اب ایک مرتبہ پھر مذاکرات ہورہے ہیں اور ٹرمپ کے بیان سے لگتا ہے کہ معاملات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں معطل ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا نے مئی میں چینی مصنوعات پر ٹیرف میں اضافہ کرکے اس وقت مذاکرات کو نقصان پہنچایا تھا حالانکہ اس وقت معاملہ کسی حد تک ہمارے ہاتھ میں تھا۔
چین کی وزارت داخلہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ چین کو امید ہے کہ یہ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:چین-امریکا تعمیری ملاقات کے بعد مزید تجارتی مذاکرات کیلئے تیار
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق چین امریکی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرے گا اور کرنسی کے حوالے سے معاملات بہتر کرے گا جبکہ امریکا ٹیرف میں اضافہ معطل کرے گا۔
یو ایس چیمبر آف کامرس کے عالمی امور کے سربراہ مائرون بریلینٹ کا کہنا تھا کہ دونون فریقین سے بات ہوئی اور رواں ہفتے کرنسی پر معاہدہ ہوسکتا ہے۔