پاک بحریہ کی آپریشنل مشق 'رباط 2019' اختتام پذیر
کراچی میں پاک بحریہ کی آپریشنل مشق 'رباط 2019' اختتام پذیر ہو گئی۔
پاک بحریہ کی آپریشنل مشق 'رباط 2019' کے اختتامی اجلاس کا انعقاد پاکستان نیوی ٹیکٹیکل اسکول کراچی میں منعقد ہوا۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
رباط مشقوں کا مقصد روایتی اور گرے ہائبرڈ جنگوں سے لاحق کثیر جہتی خطرات کے زیر سایہ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں کو موثربنانا تھا۔
اس ضمن میں رباط 2019 مشق کی خصوصی توجہ پاک فضائیہ کے شانہ بشانہ پاک بحریہ کے جنگی منصوبوں کا عملی مظاہرہ پیش کرنے پر مرکوز تھی تاکہ دونوں فورسز کے درمیان اعلیٰ درجے کی ہم آہنگی پیدا کی جائے۔
مشق کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے پاک بحریہ کے لڑاکا یونٹس کی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مشترکہ آپریشنل مشقیں عصر حاضر کی جدید جنگوں کا مظہر ہیں اور دفاع وطن کے لیے ضروری پیشہ ورانہ تربیت اور دفاعی تیاری کے لیے اہم ہیں۔
انہوں نے ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے افسران و جوانوں کے حوصلے، تیاری کے درجے اورعزم کی تعریف کی۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن و خوشحالی چاہتا ہے، تاہم کسی بھی جارحیت یا حملے کا بھر پور جواب دیا جائے گا اور پاک بحریہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
وائس چیف آف نیول اسٹاف نے شمالی بحیرہ عرب میں جنگی منصوبوں کا عملی مظاہرہ پیش کرنے والے مشق کے شرکا کی کاوشوں کو سراہا۔