مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے والی زائرہ وسیم کی آخری فلم ریلیز
مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے رواں برس جولائی میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔
زائرہ وسیم نے عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے شہرت حاصل کی تھی اور ان کی محض 2 فلمیں ہی ریلیز ہوئی تھی اور اب ان کی تیسری اور آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ بھی ریلیز کردی گئی۔
زائرہ وسیم نے مذہب کی خاطر اداکاری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اداکاری کرنے کی وجہ سے ان کا ایمان متاثر ہو رہا تھا اور انہیں احساس ہونے لگا ہے کہ وہ ان کاموں کے لیے نہیں بنیں۔
زائرہ وسیم کی فلم ’دنگل‘ اور ’سپر اسٹار‘ بلاک بسٹر فلمیں تھیں اور انہیں کم عمری میں شہرت ملی تھی، ان کے فیصلے پر کئی لوگوں نے حیرت کا اظہار کیا تھا اور بعد ازاں اداکارہ کے میڈیا مینیجر نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ زائرہ فلم انڈسٹری نہیں چھوڑ رہیں بلکہ ان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرکے ان کے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا گیا۔
تاہم بعد ازاں زائرہ وسیم نے ایک مرتبہ پھر وضاحت کی تھی کہ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک نہیں ہوئے اور وہ اداکاری چھوڑ رہی ہیں۔
اداکارہ نے یہ اعلان نہیں کیا تھا کہ وہ کب تک اداکاری سے الگ ہوجائیں گی لیکن اس اعلان کے بعد انہوں نے کسی نئی فلم میں کام کرنے کا معاہدہ نہیں کیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اپنی آخری فلم ریلیز ہونے کے بعد الگ ہوجائیں گی۔
جن دنوں انہوں نے اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا ان دنوں وہ اپنی آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھیں اور اب ان کی یہی فلم ریلیز کردی گئی۔
اب خیال کیا جا رہا ہے کہ زائرہ وسیم مزید فلموں اور ڈراموں میں دکھائی نہیں دیں گی، کیوں کہ وہ اپنی آخری فلم کی تشہیر میں بھی دکھائی نہیں دی تھیں۔
زائرہ وسیم کی آخری فلم میں ان کے ساتھ پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر نے کام کیا ہے اور انہوں نے ان کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔
’اسکائے از پنک‘ میں زائرہ وسیم نے ایک نو عمر لڑکی عائشہ کا کردار ادا کیا ہے جو مدافعتی بیماری میں مبتلا ہوجاتی ہیں اور کم عمری میں اپنی سوانح حیات لکھنے اور شہرت حاصل کرنے کے بعد بیماری سے جنگ ہار جاتی ہیں۔
زائرہ وسیم نے فلم میں عائشہ چوہدری نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو مدافعتی نظام کی خرابی کے ساتھ پیدا ہوئیں تھیں، ان کا انتقال 24 جنوری 2015 کو 18 سال کی عمر میں ہوا تھا۔
فلم کی ہدایات سونالی بوس نے دی ہیں اور اس فلم کو 10 اکتوبر کو ریلیز کردیا گیا جس میں زائرہ وسیم کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔