حمیرا فرح عالمی کرکٹ میں پہلی پاکستانی خاتون امپائر بننے کی خواہاں
ملکی سطح پر 150 سے زائد کرکٹ میچز میں امپائرنگ کرنے والی حمیرا فرح کا کہنا ہے کہ وہ عالمی سطح پر پہلی خاتون امپائر بننے کی خواہاں ہیں۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی حمیرا فرح اب تک پاکستان کے مختلف شہروں میں ہونے والی کرکٹ میچز میں امپائرنگ کی خدمات سر انجام دے چکی ہیں اور اب وہ عالمی سطح پر کرکٹ میچز میں امپائرنگ کرنا چاہتی ہیں۔
ڈان میگزین کے مطابق حمیرا فرح نے کیریئر کے آغاز میں ہاکی کھیلنا شروع کیا اور انہوں نے نیشنل ہاکی ٹیم میں بھی بطور کھلاڑی شمولیت اختیار کی۔
حمیرا فرح نے ڈان سے بات کرتے ہوئے اپنے کیریئر اور مستقبل کے حوالے سے کھل کر بات کی اور کہا کہ ان کا مقصد انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے۔
حمیرا فرح کا کہنا تھا کہ اگرچہ بچپن اور دوران تعلیم ان کے اہل خانہ نے ان پر کچھ سختیاں بھی کیں، تاہم والدہ اور ان کے بڑے بھائی نے انہیں آگے بڑھنے کےمواقع دیے۔
اسپورٹس سائنس میں پی ایچ ڈی کرنے والی حمیرا فرح کے مطابق اگرچہ وہ اس وقت گیریزن یونیورسٹی میں اسپورٹس ڈائریکٹر کی خدمات بھی دے رہی ہیں،تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے امپائرنگ پینل میں بھی شامل ہیں۔
حمیرا فرح نے پی سی بی کے امپائرنگ کورس بھی کر رکھے ہیں اور اب وہ چاہتی ہیں کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے امپائرنگ پینل میں شامل کیا جائے۔
حمیرا فرح 2005 سے امپائرنگ کر رہی ہیں اور وہ واحد پاکستانی خاتون امپائر ہیں جنہوں نے آفیشل کورس بھی پاس کر رکھے ہیں۔
حمیرا فرح پاکستانی امپائر علیم ڈار اور احسن رضا کی طرح انٹرنیشنل کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہیں۔