• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کا جوان شہید

شائع October 10, 2019
فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید ہوئے — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید ہوئے — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلااشتعال شدید فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں آرمی کی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ، مارٹر گولے اور راکٹ فائر کیے۔

پاک فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھرپور کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والی بھارتی چیک پوسٹوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس سے بھارتی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی شیلنگ سے خاتون جاں بحق، 3 افراد زخمی

تاہم فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی نعمت ولی شہید جبکہ ایل او سی کے سریاں گاؤں کی 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کی رہائشی خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔

اس سے قبل 3 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔

گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی جانب سے حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

اس سے قبل اگست میں پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک اور کئی کو زخمی جبکہ 2 بنکرز کو تباہ کردیئے تھے۔

اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی سیکٹر میں بھارت کی جانب کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں درجنوں افراد شہید اور 190 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025