• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آسٹریلیا کے ٹی20 اسکواڈ میں وارنر اور اسمتھ کی واپسی

شائع October 8, 2019
ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعد آسٹریلین ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ کی ڈیڑھ سال سے زائد عرصے بعد آسٹریلین ٹی20 ٹیم میں واپسی ہوئی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے پاکستان اور سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا ہے جہاں ٹیم میں تجربہ کار اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوئی ہے۔

گزشتہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ پر کرکٹ آسٹریلیا نے اس وقت کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی۔

رواں سال دونوں کھلاڑیوں کی پابندی ختم ہونے کے بعد ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی تھی اور اب انہیں ٹی20 کے لیے بھی آسٹریلین ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

آسٹریلین چیف سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہا کہ ہم اسمتھ اور وارنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں، اسمتھ تمام فارمیٹس کے بہترین بلے باز ہیں جبکہ اب تک آسٹریلیا کی جانب سے ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔

اعلان کردہ اسکواڈ آنے والے دنوں میں سری لنکا اور پاکستان کا سامنا کرے گی لیکن آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس ٹیم کا اعلان آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

ٹریور ہونز نے کہا کہ آج سے تقریباً ایک سال بعد آسٹریلیا مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ میزبانی کرے گا اور ہم نے اسی بات کو دیکھ کر اس اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس وقت تک یہ اسکواڈ ایک ساتھ رہے تاکہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم آج تک ٹی20 ورلڈ کپ نہیں جیت سکی اور 2010 کے ورلڈ ٹی20 فائنل تک رسائی اس کی اب تک کھیل کے سب سے چھوٹے فارمیٹ کے عالمی ایونٹ میں بہترین کارکردگی ہے۔

آسٹریلیا نے ایرون فنچ کو قیادت کے منصب پر برقرار رکھا ہے جبکہ وکٹ کیپر ایلکس کیری اور فاسٹ باؤلر پیٹ کمنز مشترکہ طور پر ان کے نائب کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔

اسکواڈ سے مارکس اسٹوئنس کو ڈراپ کر کے ایشٹن ٹرنر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ تجربہ کار نیتھن لائن پر ایڈم زامپا کو ترجیح دی گئی ہے۔

آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 سیریز رواں ماہ 27اکتوبر سے شروع ہو گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 3 نومبر سے سڈنی میں مدمقابل ہوں گی۔

آسٹریلیا کا ٹی20 اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایرون فنچ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ایشٹن ایگار، ایلکس کیری، اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل، بلی اسٹین لیک، بین میک ڈرموٹ، پیٹ کمنز، کین رچرڈسن، مچل اسٹارک، ایشٹن ٹرنر، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زامپا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024