• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس: 24 اکتوبر سے روزانہ سماعت کا فیصلہ

شائع October 8, 2019
جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی — فوٹو: اے پی
جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی — فوٹو: اے پی

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی 24 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کرلیا۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئندہ سماعت سے قبل تمام فریقین کو تحریری طور پر اپنے اعتراضات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں: سنگین غداری کیس: پرویز مشرف کی بریت اور التوا کی درخواستیں مسترد

مقدمے کی سماعت پر پرویز مشرف کے وکیل رضا بشیر حاضر نہیں ہو سکے تاہم ان کے حوالے سے ایک درخواست جمع کرائی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے سماعت پر غیر حاضر ہوا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ رضا بشیر میو ہسپتال لاہور میں ڈینگی کے باعث زیر علاج ہیں جس پر عدالت نے درخواست منظور کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: سنگین غداری کیس: پرویز مشرف کو سوال نامہ ارسال

اس سے قبل رواں برس ستمبر میں ہونے والی گزشتہ سماعت پر خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں 8 اکتوبر سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کا فیصلہ کیا تھا۔

جسٹس طاہرہ صفدر کی ریٹائرمنٹ کے بعد وفاقی حکومت نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ سے کیس کی سماعت مکمل کرنے کی درخواست کی تھی۔

25 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں خصوصی عدالت کی ہدایت پر وزارت قانون کی جانب سے مقرر کیے گئے وکیل دفاع رضا بشیر ایڈووکیٹ نے کیس میں دلائل کے لیے ہدایت حاصل کرنے کے لیے سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

مزید پڑھیں: سنگین غداری کیس: پرویز مشرف کو سوال نامہ ارسال

تاہم عدالت نے اس درخواست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم کو پہلے ہی پاکستان پینل کوڈ (سی آر پی سی) کے سیکشن 342 کے تحت بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ عدالت کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر کو مفرور ملزم کی نمائندگی کرنے سے روک دیا تھا اور ایڈووکیٹ رضا بشیر طویل عرصے سے چلنے والے اس مقدمے کو ختم کرنے میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔

غداری کیس کا پس منظر

خیال رہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے وزارتِ داخلہ کے ذریعے آئین شکنی پر سنگین غداری کیس کی درخواست دائر کی گئی تھی جسے خصوصی عدالت نے 13 دسمبر 2013 کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے سابق صدر کو 24 دسمبر 2013 کو طلب کیا تھا۔

یہ درخواست پرویز مشرف پر آرمی چیف کی حیثیت سے 3 نومبر 2007 کو ملک کا آئین معطل کر کے ایمرجنسی لگانے کے اقدام پر دائر کی گئی تھی۔

اس کیس میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نومبر 2013 میں ایڈووکیٹ اکرم شیخ کو پروسیکیوشن کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

ابتدائی طور پر جنرل (ر) پرویز مشرف کی قانونی ٹیم نے ایڈووکیٹ اکرم شیخ کی بطور چیف پراسیکیوٹر تعیناتی چیلنج کی تھی لیکن غداری کیس کے لیے مختص خصوصی عدالت کے ساتھ ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس چیلنج کو مسترد کردیا تھا۔

فروری 2014 میں جنرل (ر) پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس کے بعد عدالت نے 18 فروری 2014 کو ان کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔

مارچ 2014 میں خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ اسی سال ستمبر میں پروسیکیوشن کی جانب سے ثبوت فراہم کیے گئے تھے۔

عدالت نے 8 مارچ 2016 کو جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں کرمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 342 کے تحت بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے 19 جولائی 2016 کو جنرل (ر) پرویز مشرف کو مفرور قرار دے کر ان کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے تھے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا تھا۔

تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے بعد خصوصی عدالت پرویز مشرف کے خلاف مزید سماعت نہیں کرسکی تھی جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے حکم کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 2018 کے آغاز میں خصوصی عدالت نے غداری کیس کی سماعتیں دوبارہ شروع کی تھیں اور حکم دیا تھا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیا جائے، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے مئی میں عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کردیا تھا۔

بعد ازاں 11 جون 2018 کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے جنرل (ر) پرویز مشرف کا قومی شناختی کارڈ (این آئی سی) اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024