• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں زائد آمدن والے افراد کو ایک لاکھ 34 ہزار ٹیکس نوٹسز جاری

شائع October 8, 2019
ایف بی آر کے متعلقہ زونز کے ذریعے غیررجسٹرڈ افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ایف بی آر کے متعلقہ زونز کے ذریعے غیررجسٹرڈ افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملک بھر میں زیادہ آمدنی والے افراد کو ایک لاکھ 34 ہزار 848 نوٹسز جاری کردیے، جس کا مقصد انہیں 2019 کے لیے ای فائل انکم ٹیکس ریٹرن کے لیے قائل کرنا ہے۔

ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) اسلام آباد، فیصل آباد، راولپنڈی، آر ٹی او ٹو اینڈ آرٹی او تھری کراچی اور آر ٹی او ٹو لاہور میں قائم کیے گئے بروڈننگ آف ٹیکس بیس (بی ٹی بی) کے متعلقہ زونز کے ذریعے غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

ان زونز کے علاوہ ایف بی آر نے باقی 13 آر ٹی اوز میں بی ٹی بیز قائم کیے ہیں تاکہ غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹسز جاری کیے جائیں، بی ٹی بی کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر رجسٹرڈ افراد کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لائیں۔

مزید پڑھیں: ایف بی آر کا ایک لاکھ نان فائلرز کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ حکومت اپنے پہلے سال میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنے میں کامیاب رہی ہے کیونکہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ٹیکس ایمنسٹی سمیت دیگر اسکیمز کے نتیجے سے تقریباً 7 لاکھ 83 ہزار 39 نئے ٹیکس دہندگان نے محکمہ ٹیکس میں ریٹرن فائل کیے۔

تاہم بی ٹی بی کی جانب سے سب سے زیادہ تر نوٹسز لاہور میں جاری کیے گئے، آر ٹی او لاہور نے غیر رجسٹرڈ لوگوں کو 37 ہزار 83 نوٹسز جاری کیے، تاہم ایف بی آر نے ان نوٹسز کے اجرا سے آنے والے نتائج کا ڈیٹا مرتب نہیں کیا۔

اسی طرح آر ٹی او راولپنڈی نے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ نوٹسز جاری کیے اور بی ٹی او آفس راولپنڈی سے اب تک 21 ہزار 248 نوٹسز جاری کیے گئے، اس کے برعکس آر ٹی او اسلام آباد میں بی ٹی بی آفس نے اب تک 4 ہزار 600 نوٹسز جاری کیے، جو اصل صلاحیت سے بہت کم ہے۔

اس کے علاوہ بی ٹی بی پشاور آفس نے غیر رجسٹرڈ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے 15 ہزار 800 نوٹسز جاری کیے جبکہ سرگودھا میں 15 ہزار 560 نوٹسز ایسے ہی غیر رجسٹرڈ لوگوں کو جاری کیے گئے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کی بات کریں تو آر ٹی او نے غیر رجسٹرڈ افراد کو 10 ہزار 467 نوٹسز جاری کیے، مزید برآں اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ آر ٹی او ایبٹ آباد نے اس طرح کے لوگوں کو 8 ہزار 160 نوٹسز جاری کیے، اگر آر ٹی او اور اس کے دائرہ کار کو دیکھیں تو یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

دوسری جانب ایک سینئر ٹیکس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایف بی آر متعلقہ آر ٹی اوز کے ساتھ ان نوٹسز کی تعمیل سے متعلق اعداد و شمار مرتب کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ 'متعلقہ آر ٹی اوز اس پر کام کر رہے ہیں کہ ان میں سے کتنے افراد نے نوٹسز پر خود کو رجسٹرڈ کروایا'۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے ڈاکٹرز، سرجنز کی آمدنی کی تفصیلات طلب کرلیں

اگر مزید اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو آر ٹی او حیدرآباد نے 5 ہزار 198 نوٹسز، سکھر سٹی میں 5 ہزار 795 نوٹسز غیر رجسٹرڈ افراد کو جاری کیے گئے۔

ٹیکس بیس کو وسیع کرنے کے حصے کے طور پر بی ٹی او افسرز نے بہاولپور میں ایک ہزار 422 نوٹسز، فیصل آباد میں 363، گوجرانوالہ میں 476، ملتان میں 2 ہزار 327، کوئٹہ میں 2 ہزار 820، سیالکوٹ میں ایک ہزار 777 اور ساہیوال میں ایک ہزار 752 نوٹسز جاری کیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال مجموعی ٹیکس ریٹرن فائلر کی تعداد 25 لاکھ 61 ہزار تک پہنچ گئی تھی جو اس سے ایک سال قبل 15 لاکھ 14 ہزار تھی اور یہ تعداد میں 69.1 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔


یہ خبر 08 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024