افغانستان: جلال آباد میں بم دھماکے سے 10 افراد جاں بحق
افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے مرکزی شہر جلال آباد میں مسافر بس بم دھماکے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں کم ازکم 10 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ خوغیانی کا کہنا تھا کہ بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور جیسے ہی مسافر بس وہاں سے گزری اس کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘دھماکے میں ایک بچے سمیت 10 شہری جاں بحق ہوئے اور 27 زخمی ہوئے’۔
رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد جاری بیان میں واضح نہیں کیا گیا کہ اس دھماکے میں کتنے فوجی جوان زخمی ہوئے یا صرف عام شہری ہی زخمی ہوئے ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
مزید پڑھیں:افغانستان میں صدارتی انتخاب: بم دھماکوں میں دو افراد ہلاک
خیال رہے کہ جلال آباد میں پیش آنے والے دہشت گردی کے اکثر واقعات کی ذمہ داری طالبان یا داعش قبول کرتے ہیں، تاہم اس واقعے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔
عینی شاہد رحیم جان کا کہنا تھا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ میں زمین میں گر گیا۔
ہسپتال میں موجود رحیم جان کا کہنا تھا کہ ‘جب میں اٹھنے لگا تو مجھے کئی لاشیں نظر آئیں اور لوگ سڑک پر زخمی حالت میں پڑے ہوئے تھے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے ہاتھ پر زخم آئے ہیں اور میرے بھائی بھی زخمی ہوئے ہیں’۔
افغانستان میں امریکا میں 11 ستمبر 2011 کو حملوں کے بعد ردعمل کے طور پر جنگ کا آغاز ہوا تھا اور اب اس کو 18 برس ہوچکے ہیں، لیکن افغانستان میں تاحال امن بحال نہیں ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں:انتخابات سے قبل طالبان کے افغانستان میں حملے، 2 دھماکوں میں 48 افراد ہلاک
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کا آغاز کیا تھا اور طویل مذاکرات کے بعد اتفاق رائے کا بھی اعلان کیا گیا تھا، تاہم ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں اسلام آباد میں افغان طالبان کے نمائندوں کی امریکی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کی ملاقات ہوئی جہاں مذاکرات اور امن پر گفتگو کی گئی۔
یاد رہے کہ 28 ستمبر کو افغانستان میں صدارتی انتخاب ہوا تھا اور اس دوران کابل اور جلال آباد سمیت ملک بھر کے بڑے شہروں میں دھماکے اور حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
مزید پڑھیں:طالبان رہنماؤں کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کا انکشاف
ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوغیانی کا کہنا تھا کہ جلال آباد میں پولنگ اسٹیشن کے قریب بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ ملک بھر میں پولنگ سینٹر پر طالبان کے حملوں کے نتیجے میں دو شہری جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابل، کندوز، ننگرہار، بامیان اور قندھار سمیت متعدد صوبوں سے حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔