سماعت سے محروم ڈرمر کی کہانی’ ساؤنڈ آف میٹل‘ اعلیٰ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب
پاکستانی نژاد برطانوی ہولی وڈ اداکار رز احمد کی میوزیکل ٹریجڈی فلم ’ساؤنڈ آف میٹل‘ نے سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں اعلیٰ ایوارڈ اپنے نام کرکے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
’ساؤنڈ آف میٹل‘ میں رز احمد نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جو ایک باصلاحیت ڈرمر کے طور پر دکھائی دیے ہیں۔
رز احمد نے فلم میں ایک ایسے ڈرمر کا کردار ادا کیا ہے جو اچانک سننے کی صلاحیت سے محروم بن جاتے ہیں، تاہم پھر بھی وہ ڈرم بجا کر لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیتے ہیں۔
فلم کو گزشتہ ماہ کینیڈا میں ہونے والے ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا اور فلم نے وہاں نے بھی ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ تاہم اب فلم نے ‘زیورچ فلم فیسٹیول‘ کا اعلیٰ ترین ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق ’ساؤنڈ آف میٹل‘ نے زیورچ فلم فیسٹیول کا سب سے اعلیٰ یعنی ’گولڈن آئی فار بیسٹ فلم‘ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
زیورچ فلم فیسٹیول میں ’ساؤنڈ آف میٹل‘ کے علاوہ بھی دیگر فلموں کو ایوارڈز دیے گئے۔
اگرچہ پاکستانی نژاد رز احمد کی فلم بڑا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب گئی، تاہم رز احمد بہترین اداکار کا ایوارڈ حاصل نہ کر سکے۔
’ساؤنڈ آف میٹل‘ کی ہدایات ڈیریس ماردر نے دی ہیں جب کہ اسے ایمازون اسٹوڈیو کے بینر تلے دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا۔
فلم میں رز احمد کے علاوہ اولیویا کک، لورین رڈولف اور میتھیو امالرک سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے۔