'الف' کا جادو سب پر چل گیا
حمزہ علی عباسی اور سجل علی کے ڈرامے 'الف' کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا، جس کی پہلی قسط آخر کار ریلیز کردی گئی۔
اس ڈرامے میں سجل علی نے ایک ایسی لڑکی کا کردار نبھایا جو اداکارہ بننے کی خواہش مند ہے، دوسری جانب حمزہ علی عباسی قلب مومن نامی ایک مغرور ہدایت کار بنے ہیں جو انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک کامیاب کیریئر گزار رہے ہیں۔
قسط میں دونوں مرکزی اداکاروں کے ایک ساتھ آنے والے سینز کو بے حد سراہا جارہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اس قسط کے حوالے سے لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ ڈراما ان کی امیدوں پر پورا اتر رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ’الف میں میرا کردار رومی سے متاثر ہے‘
حمزہ علی عباسی کے مداح انہیں تین سال بعد اسکرین پر دیکھ کر بے حد خوش ہیں۔
خیال رہے کہ حمزہ علی عباسی کا آخری ڈراما 'من مائل' 2016 میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد اب وہ الف کے ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سجل علی اور حمزہ علی کی اداکاری کو بھی خوب سراہا گیا۔
ڈرامے میں ان دونوں کی پہلی ملاقات کے سین کو خوب پذیرائی ملی۔
جبکہ کسی نے کہا کہ وہ دونوں اداکاروں سے ایسی ہی شاندار انٹری کی امید کررہے تھے۔
ڈرامے میں سجل علی کے کردار کا نام مومنہ سلطان ہے، خیال رہے کہ سجل کے ڈرامے 'یقین کا سفر' کو بھی شائقین نے بےحد پسند کیا تھا۔
اداکاری کے علاوہ ڈرامے کی سینمیٹوگرافی کو بھی خوب سراہا گیا۔
'الف' میں حمزہ علی اور سجل علی کے ہمراہ احسن خان، کبریٰ خان، عثمان خالد بٹ، صدف کنول، سلیم معراج اور سرمد صہبائی بھی اہم کردار نبھارہے ہیں۔
ڈرامے میں نامور اینکر اقرار الحسن کا بیٹا پہلاج بھی اداکاری کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'قلب مومن کی کہانی بہت حد تک میرے ذاتی سفر کی عکاس ہے'
اس ڈرامے کا او ایس ٹی (اوریجنل ساؤنڈ ٹریک) شجاع حیدر اور مومنہ مستحسن نے گایا جبکہ اس کی کمپوزیشن خود شجاع حیدر نے دی ہیں۔
'الف' کی کہانی عمیرہ احمد نے تحریر کی جبکہ اس کی ہدایات حسیب حسن دے رہے ہیں۔