• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر چین روانہ

شائع October 7, 2019 اپ ڈیٹ October 8, 2019
دورہ چین کے دوران عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے— فائل فوٹو: ڈان
دورہ چین کے دوران عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے— فائل فوٹو: ڈان

وزیر اعظم عمران خان علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے حامل معاملات پر تبادلہ خیال اور چینی قیادت سے ملاقات کے لیے 3 روزہ دورے پر چین روانہ ہوگئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی مخدوم خسرو بختیار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان حالیہ دورے میں چینی صدر شی جن پنگ اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان زرعی، صنعتی اور سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں میں توسیع پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت کو فروغ دینے کے لیے چائنہ پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے اور چینی انٹرپرینیورز سمیت مختلف کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: سی پیک منصوبوں کی بحالی، وزیراعظم آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے

رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے سربراہان دو طرفہ کاروبار اور تجارت میں مزید اضافے کے لیے چین، پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے فوری عملدرآمد پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ساتھ ہی وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر تمام پاکستانی زرعی مصنوعات جیسے چاول، گندم، مکئی، سویابین، چینی اور تمباکو کے کوٹے کے خاتمے پر غور کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا تیسرا دورہ ہوگا، اس سے قبل انہوں نے رواں برس اپریل میں چین کا 4 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا۔

اس دوران عمران خان نے بیجنگ میں ’دوسرے ایک خطہ ایک شاہراہ فورم‘ میں شرکت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’وزیرِاعظم عمران خان کا دورہ چین، پاکستان کے لیے مثبت رہا‘

دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی کئی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی وزیراعظم نے چین کا دورہ کیا تھا، جس میں سیکریٹری خزانہ عارف احمد خان اور گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے اپنے چینی ہم منصب سے امدادی پیکج کی تفصیلات طے کرنے کے لیے بات کی تھی۔

دونوں ممالک نے 15 سمجھوتوں اور اقتصادی تعاون، تجارت اور دیگر شعبہ جات کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔

بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں اپنے دورہ چین کے حوالے سے آگاہ کیا تھا کہ بیجنگ نے اسلام آباد کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور پاکستان کو آنے والے وقت میں اس کے ثمرات ملیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024