ملتان: ’ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کردیا‘
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم نے ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کردیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق عثمان بزدار نے ملتان کے لیے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا اور کچھ نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال ملتان میں ہیپاٹائٹس سے بچاؤ اورٹریٹمنٹ سینٹر کاافتتاح کردیا، اس منصوبے پر 56 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔
ترجمان کے مطابق سرکٹ ہاؤس ملتان میں منعقد تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداران اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار
اس حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کردیا ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مکمل توجہ مرکوز ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں فنڈز کو اپنی مرضی سے من پسند منصوبوں پر خرچ کیے گئے اور سابق ادوار میں جان بوجھ کر جنوبی پنجاب کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے رکھاگیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے فنڈز کو کسی اورشہر یا منصوبے کے لیے منتقل کرنے پر پابندی لگادی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اب جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز صرف جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی پر خرچ ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے پوری پنجاب حکومت متحرک ہے، ڈینگی کے مرض پر مسلسل محنت سے قابو پائیں گے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ملتان میں فارمیسی اورسٹور بلاک کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس پر منصوبے پر 35کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے ملتان میں سنتھیٹک ٹرف ہاکی گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھا، اس منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
انہوں نے ملتان کے لیے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے علاقائی آفس کی تعمیر کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر 25کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: چونیاں میں بچوں کا ریپ،قتل: عثمان بزدار کا ملزم کی گرفتاری کا دعویٰ
بعدازاں وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے لیے عوامی شعور کی بیداری کے مقصد کے تحت قائم ڈیسک کا معائنہ کیا اور ڈیسک پر موجود عملے اورڈاکٹرز سے سوالات کیے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو انسدادڈینگی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کے موبائل یونٹ اور ڈینگی بریگیڈکی گاڑیوں کابھی معائنہ کیا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بہاء الدین زکریا ملتانیؒ بحضرت بہاالدین زکریا ملتانی کے عرس کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کی تھی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ دربار کو غسل دے کر عرس کا آغاز کیا تھا۔