• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بولی وڈ کی یہ کامیاب فلم جنید خان کو بھی آفر ہوئی

شائع October 7, 2019
جنید خان کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
جنید خان کا شمار پاکستان کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور اداکار و گلوکار جنید خان نے اپنے نئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں 2013 کی کامیاب بولی وڈ فلم 'عاشقی 2' میں کام کرنے کی آفر ملی تھی۔

جنید خان شائستہ لودھی کے شو گپ شپ ود شائستہ کا حصہ بنے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ساتھ ساتھ ذاتی زندگی کے حوالے سے بات کی۔

جنید خان کئی بہترین ڈراموں کا حصہ بن چکے ہیں البتہ انہوں نے اب تک کسی فلم کو سائن نہیں کیا۔

تاہم حال ہی میں خبریں تھی کہ وہ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اس حوالے سے اداکار نے اپنے انٹرویو میں بھی بات کی۔

فلم پر کام کرنے کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ 'میں بہت عرصے سے ایک اچھے اسکرپٹ اور ٹیم کی تلاش میں تھا، مجھے پہلے بہت سی آفرز ملی، پاکستان اور باہر دونوں سے، لیکن اب مجھے ایک اسکرپٹ پسند آیا اور میں اس پر کام کررہا ہوں، فلم 2020 میں ریلیز ہوگی'۔

ایک موقع پر شائستہ نے سوال کیا کہ کیا انہیں بولی وڈ کی کامیاب فلم 'عاشقی 2' میں مرکزی کردار کی آفر ہوئی تھی؟

اس پر جنید خان نے انکشاف کیا کہ انہیں اس فلم کی آفر ضرور ملی تھی تاہم بعدازاں وہ اس میں کام نہیں کرپائے۔

اس حوالے سے اداکار نے مزید بتایا کہ 'مجھے آفر ہوئی تھی، میرے ساتھ اس وقت کے دو تین پاکستانی اداکاروں کو آفر ہوئی تھی، اس حوالے سے ویشیش فلمز نے ایک آن لائن مقابلہ بھی رکھا تھا جس میں وہ پاکستان سے نئے اداکاروں کو کاسٹ کرنے کے خواہشمند تھے، اس دوران مجھے، اظفر اور چند اور اداکاروں سے رابطہ کیا گیا'۔

جنید کا مزید کہنا تھا کہ 'اس کے بعد پروڈکشن ٹیم کے ساتھ جب ایک اور پارٹنر جڑا تو وہ مقابلہ بند ہوگیا اور ایک نئی کاسٹ شامل کی گئی'۔

عاشقی 2 کا حصہ نہ بننے پر افسوس ہونے کے سوال پر اداکار نے کہا کہ 'مجھے افسوس ضرور ہوا کیوں کہ بہت شاندار فلم تھی، گانے بہت اچھے تھے، لیکن جو ہونا ہوتا ہے ضرور ہوتا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ وہ نبیل قریشی اور ندیم بیگ کو پاکستان کے بہترین فلم ساز مانتے ہیں۔

جنید خان نے گلوکار و اداکار محسن عباس حیدر اور اہلیہ فاطمہ سہیل کے درمیان ہوئے تنازع پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا انہیں افسوس ہے لیکن شادی شدہ جوڑوں کو چاہیے کہ اگر ان کا تعلق اچھا نہیں اور وہ ساتھ نہیں ہر سکتے تو پہلے ہی علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلینا چاہئے۔

اپنی شادی کے حوالے سے اداکار نے بتایا کہ انہوں نے والدین کی پسند سے شادی کی، تاہم وہ اپنی ذاتی زندگی بہت زیادہ سوشل میڈیا پر شیئر کرنا پسند نہیں کرتے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024