• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انسداد منشیات کیلئے طلبہ و اساتذہ کی اسکریننگ کی جائے گی، شہریار آفریدی

شائع October 5, 2019
حکومت منشیات سے پاک پاکستان کے حوالے سے کام کررہی  ہے، شہریار آفریدی
 — فائل فوٹو: ڈان نیوز
حکومت منشیات سے پاک پاکستان کے حوالے سے کام کررہی ہے، شہریار آفریدی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے طلبہ اور اساتذہ کی ڈرگ اسکر یننگ کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اور سیفران شہریار خان آفریدی نے کہا کہ حکومت نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ سمیت تدریسی اور غیرتدریسی عملے کی منشیات اسکریننگ یقینی بنانے کے لیے مشاورت کررہی ہے۔

نجی اسکولوں کے مالکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت حکومت منشیات سے پاک پاکستان کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ’اساتذہ کو نئی نسل کی تعلیم کے لیے تقرر کیا جاتا ہے، ماں کی گود کے بعد اسکول وہ ادارے ہیں جہاں بچوں کو تعلیم اور تربیت دی جاتی ہے اور انہیں کارآمد شہری بنایا جاتا ہے‘۔

مزید پڑھیں: ’جو بھی منشیات کے ساتھ پکڑا گیا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی‘

انہوں نے اسکول مالکان کو اپنے اداروں میں منشیات پر قابو پانے کے بہتر طریقے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

علاوہ ازیں شہریار خان آفریدی نے مزید کہا کہ ’ہم نے ڈھائی سو سے زائد ذرائع بروئے کار لا کر بین الاقوامی منشیات اور دہشت گردوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا ہے، ہمیں منشیات کی تجارت روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنے ہوں گے‘۔

وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ نجی اسکولوں کو کارپوریٹ سوشل ریسپونسبلیٹی (سی ایس آر) کے تحت اسکولوں میں منشیات کے عادی افراد کے علاج کے لیے منشیات بحالی مراکز کے قیام میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم منشیات کا شکار ہونے والے طلبا کو تعلیمی اداروں سے بے دخل کرنے کے عمل کی حوصلہ شکنی کریں گے، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد، کراچی اور سکھر میں بحالی مراکز قائم کیے ہیں‘۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ ’ہم ایک نیا قانون تشکیل دے رہے ہیں جس کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں بھی منشیات بحالی کے مراکز قائم کیے جائیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کا نوٹس لے لیا

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’گزشتہ برس ایک سروے سے علم ہوا کہ اسلام آباد کے اسکولوں میں 75 فیصد طالبات اور 45 فیصد طالب علم منشیات استعمال کرتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ 3 برس قبل غیرسرکاری تنظیم کی جانب سے مرتب اور متعلقہ کمیٹیوں کے ساتھ شیئر کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کے نجی اسکولوں کے 44 سے 53 فیصد طلبا مختلف اقسام کے نشے کے عادی ہیں۔

تاہم اس وقت کے وزیر برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اور ڈیولپمنٹ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور ان کے ماتحت تعلیمی اداروں نے فوری طور پر اس رپورٹ کو مسترد کردیا تھا۔

علاوہ ازیں نجی اسکولوں نے بھی اس رپورٹ کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا کیونکہ تحقیق کے طریقہ کار اور ڈیٹا کو کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے رجحان میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد اس وقت کے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارنے نوٹس لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024