گوادر فری زون صوبائی ٹیکسز سے مستثنیٰ قرار
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے گوادر فری زون کو 5 برس کے لیے صوبائی ٹیکسز سے استثنیٰ دے دیا اور صوبے میں خصوصی اکنامک زونز اور نئے صنعتی نظام قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں گوادر فری زون کو صوبائی ٹیکسز سے مستثنیٰ قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت علی شہوانی نے کہا کہ ریکوڈک کیس اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر ایک تفصیلی گفتگو ہوئی۔
مزید پڑھیں: گوادر پورٹ، فری زون کیلئے ٹیکس سے استثنیٰ کے قوانین منظور
انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے بلوچستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے لیے بھی فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ کابینہ نے معدنیات کی جانچ کے لیے ایک جدید لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
لیاقت علی شہوانی نے کہا کہ ’ قیمتی قدرتی وسائل ہونے کے باوجود صوبے میں یہ اہم سہولت موجود نہیں اور اس مقصد کے لیے دوسرے صوبوں کی لیبارٹریوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی کارکردگی مہیں بہتری اور محکمہ صحت اور سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتالوں کے خاتمے کے لیے کابینہ نے بلوچستان ایسینشیل ہیلتھ سروسز بل 2019 کی منظوری دے دی۔
ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ بل بلوچستان اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
یہ خبر 5 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی