• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

غزہ میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق

شائع October 5, 2019
غزہ میں سرحدی باڑ کے قریبی ہزاروں افراد ہر جمعے کو اسرائیل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی
غزہ میں سرحدی باڑ کے قریبی ہزاروں افراد ہر جمعے کو اسرائیل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں—فائل/فوٹو: اے ایف پی

فلسطین کی غزہ پٹی میں اسرائیل کے غیر قانونی تسلط کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق اور دیگر 54 افراد زخمی ہوگئے۔

قطری نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القادر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 28 سالہ عالیٰ نذیر کے سینے پر گولی ماری۔

ان کا کہنا تھا کہ 54 زخمیوں میں سے 22 افراد کو براہ راست گولیاں لگی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

رپورٹ کے مطابق ہزاروں فلسطینی مارچ 2018 سے جاری 'گریٹ مارچ ٹو ریٹرن' کی احتجاجی مہم کے دوران سرحدی باڑ کے قریب جمع ہوئے تھے جہاں اسرائیلی فوج نے فائرنگ شروع کردی۔

اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 5 ہزار 800 فلسطینی سرحدی باڑ سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے اور ان میں سے چند افراد فوجیوں کی جانب پتھر اور بارودی مواد اچھال رہے تھے۔

خیال رہے کہ غزہ میں اس احتجاجی مہم کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اب تک کم ازکم 313 فلسطینی جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوچکے ہیں اور اسی دوران 8 اسرائیلی فوجی بھی مارے جاچکے ہیں۔

فلسطینیوں کا مطالبہ ہے کہ 12 سال سے جاری غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کردیا جائے جس سے وہاں معاشی سرگرمیاں ماند پڑ گئی ہیں اور 20 لاکھ افراد آزادانہ نقل و حرکت، غزہ سے باہر جانے اور کئی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

مزید پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 4 فلسطینی جاں بحق

غزہ کی پٹی میں جاری اس احتجاجی مہم کے مطالبات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل وہ تمام زمین فلسطینیوں کو واپس کردے جہاں سے انہیں 1948 میں زبردستی بے دخل کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیل کا موقف ہے کہ اگر وہ یہ سرزمین واپس کردے گا تو یہودی ریاست کا خاتمہ ہوگا جبکہ حماس پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ غزہ میں لوگوں کو اسرائیل کے خلاف اکسانے کا باعث ہے۔

حماس، فلسطین کی بڑی مزاحمتی تنظیم ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے غزہ کی پٹی میں برسر اقتدار ہے جس کے خلاف اسرائیل نے کئی پرتشدد کارروائیاں کی ہیں جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی جاں بحق ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024