• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

احمد شہزاد اور عمر اکمل قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کیلئے پرعزم

شائع October 4, 2019 اپ ڈیٹ October 8, 2019
احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے قومی ٹیم میں واپس جگہ بنانے والے تجربہ کار بلے بازوں احمد شہزاد اور عمر اکمل نے عمدہ کھیل پیش کر کے پاکستانی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کا عزم ظاہر کردیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز کل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے جہاں سیریز میں احمد شہزاد اور عمر اکمل بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایک سال سے زائد عرصے کے بعد قومی ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے والے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا کہ ٹیم میں سلیکشن پر وہ بہت خوش ہیں کیونکہ کم بیک کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا اور اس کے لیے اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے لیکن ٹیم سے دور رہ کر انہیں اپنی غلطیوں پر قابو پانے کا موقع ملا۔

27 سالہ بلے باز نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم سے گہرا تعلق ہے، یہاں کھیل کر ہمیشہ لطف آتا ہے۔+

پاکستان کے لیے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کرنے والے بلے باز نے کہا کہ بطور کرکٹر ہمیں میدان میں حوصلہ افزائی درکار ہوتی ہے جو پاکستان سے زیادہ کہیں نہیں مل سکتی، پاکستانی قوم کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے اور میں ہم وطنوں کے سامنے کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔

57 ٹی20 میچوں میں ایک سنچری کی مدد سے ایک ہزار 454 رنز بنانے والے بلے باز نے آخری بار 13 جون 2018 کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹی20 میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور انہیں ناقص کارکردگی پر قومی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔

احمد شہزاد نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں شمولیت کو ایک نئے آغاز سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فارم اور فٹنس کی بدولت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب تین سال بعد قومی ٹی20 ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے والے عمر اکمل نے بھی عمدہ کارکردگی کے ذریعے قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

عمر اکمل نے کہا کہ ان کے مرحوم سسر اور سابق عظیم کرکٹر عبدالقادر کی خواہش تھی کہ وہ جلد قومی ٹیم میں کم بیک کریں اور وہ سری لنکا کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اسے عبدالقادر اور اپنی والدہ کے نام کریں گے۔

عمر اکمل 82 ٹی 20 میچوں میں 26.82 کی اوسط اور 8 نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار 690 رنز بنا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں قومی ٹیم میں واپسی پر بہت پرجوش ہوں، تین سال کے دوران اپنی فٹنس اور اسکلز بہترین بنانے پر توجہ دی اور عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کی کوشش کروں گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

عمران Oct 05, 2019 12:05pm
ان دونوں کی ٹیم میں واپسی صرف انتشار کا باعث بنے گی۔ یہ دونوں چلے ہوئے کارتوس ہیں۔ ان کی بجائے ٹیم مینجمنٹ کو نئے کھلاڑیوں پر توجہ دینی چاہیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024