کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آرمی چیف
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی ایسا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جس سے بہادر کشمیری بہن بھائیوں کے حق خودارادیت کی نفی ہو۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز اجلاس ہوا۔
اجلاس میں جیو اسٹرٹیجک، قومی سلامتی کے امور اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستان کو مختلف طریقوں سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی سازشوں سے نمٹنے کی کوششوں کی تعریف بھی کی گئی، جبکہ اقوام متحدہ میں تنازع کشمیر اور بھارتی کی انسانی حقوق کی پامالیوں کو موثر طور پر اجاگر کرنے کو تسلیم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر جغرافیائی مسئلہ نہیں، پاکستان کی روح کا حصہ ہے، آرمی چیف
اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، جبکہ بھارتی عسکری قیادت کی جانب سے میڈیا پر غیر ذمہ درانہ بیانات کا بھی جارحانہ جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی عزت و وقار اور علاقائی سالمیت کے ہر قیمت پر دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی ایسا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جس سے بہادر کشمیری بہن بھائیوں کے حق خودارادیت کی نفی ہو۔