• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ای کامرس پالیسی کی منظوری

شائع October 1, 2019
اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، فردوس عاشق اعوان — فوٹو: پی آئی ڈی
اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، فردوس عاشق اعوان — فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی کابینہ نے ای کامرس پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے 'ای شاپنگ' کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر 'ای گیٹ وے' اور 'ای بلنگ' سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 'وزیر اعظم عمران خان کا کشمیر مشن کامیاب رہا اور انہوں نے دورہ امریکا کے حوالے سے اپنےتمام اہداف حاصل کیے۔'

انہوں نے کہا کہ 'وزیر اعظم نے اپنے دورہ امریکا پر کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا اور انہیں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بتایا۔'

فردوس عاشق اعوان — فوٹو: ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان — فوٹو: ڈان نیوز

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان، ترکی اور ملائیشیا مل کر ایک جدید ٹی وی چینل بنائیں گے جس کے ذریعے اسلام مخالف پروپیگنڈے کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اسلامک چینل اسلام کا حقیقی تشخص اجاگر کرے گا۔'

ان کا کہنا تھا کہ اس چینل کے ذریعے تینوں ممالک کی حکومتوں کی پالیسیاں، سروس ڈیلوری پروگرامز، عوامی مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات سامنے لائے جائیں گے اور دنیا بھر کو اسلامی تاریخ اور ہیروز سے متعلق بتایا جائے گا۔

انہوں نے کابینہ کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں اور منظوریوں سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزارت تجارت کا پہلی ای کامرس پالیسی متعارف کروانے کا فیصلہ

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں اور وزارت فوڈ سیکیورٹی کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی صورت میں آٹے کی قیمتیں نہیں بڑھنی چاہیئیں، گندم کی قلت نہیں ہونی چاہیے اور موجودہ اسٹاک کو ریلیز کرنے کے لیے وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر میکانزم بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی وبا نے پورے ملک کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے، وزیر اعظم کو چاروں صوبوں میں ڈینگی کے شکار افراد سے متعلق اعداد و شمار پیش کیے گئے اور اس سے جڑے چیلنجز سے متعلق بتایا گیا، عمران خان نے صوبائی حکومتوں کو فی الفور وہ تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے میں مدد کرنے کی ہدایت کی جس سے اس مرض کا تدارک کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ای کامرس پالیسی کی اصولی منظوری دی گئی اور جدید دنیا کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے 'ای شاپنگ' کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر 'ای گیٹ وے' اور 'ای بلنگ' سے متعلق حکمت عملی اور روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وزارت تجارت کی تجویز کردہ 'پاکستان حلال فوڈ اتھارٹی' کے قیام کے حوالے سے تمام متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان روابط کے لیے ایک بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں عمران خان کو 'پاکستان سٹیزن پورٹل' کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 11 لاکھ 73 ہزار سے زائد شہری اس میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 12 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 10 لاکھ 57 ہزار سے زائد کا ازالہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہر وزارت کو یہ ہدایت جاری کی ہے کہ وہ عوامی مفادات سے متعلق وہ پالیسیاں جن کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچتا ہو، ان کے فوائد عوام تک پہنچانے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کریں اور لوگوں کو ان کے حقوق کے حوالے سے آگاہ کیا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیو یارک سے واپسی پر وزیر اعظم کے طیارے میں فنی خرابی اتفاقیہ تھی اور ہم نہیں سمجھتے کہ اس میں کوئی سازش شامل تھی۔

'تبدیلی کی خبریں چلانے والوں کو میرے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گا'

کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیوں کی بازگشت کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں جب چاہیں تبدیلیاں کریں جسے کوئی چیلنج نہیں کر سکتا، البتہ گزشتہ روز جو چینلز میری تبدیلی سے متعلق بریکنگ نیوز چلا رہے تھے ان کے لیے اچھی خبر نہیں ہے اور انہیں میرے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گا کیونکہ وزیر اعظم نے اجلاس میں مجھ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024