• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

اسلام آباد، راولپنڈی میں ڈینگی کے 3400 کیسز، 2 روز میں 4افراد جاں بحق

شائع September 30, 2019
اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے 
 — فائل فوٹو: اے پی پی
اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے — فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور اب تک 3ہزار 400 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جاچکے جبکہ گزشتہ 2 روز میں 4 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ میں قومی ادارہ برائے صحت (این ایچ ایس) کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 2 ہزار 7سو 77 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارت صحت پُرامید ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے کیسز میں کمی آئے گی لیکن کوشش کی جارہی ہے کہ ہر مریض کو ہسپتال میں بستر کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس حوالے سے سیکریٹری این ایچ ایس ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے ڈان کو بتایا کہ مریضوں کو بستر کی دستیابی کے لیے نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار بستر خالی کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب: 24 گھنٹے میں مزید 218 افراد میں ڈینگی کی تصدیق

انہوں نے کہا کہ ’صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر فیصل رفیق کو نجی ہسپتالوں سے تعاون کے لیے مقرر کیا گیا ہے جن میں ترامری روڈ پر ایچ بی ایس جنرل ہسپتال، بھارہ کہو میں اکبر نیازی ہسپتال، فراش ٹاؤن میں النفیس ہسپتال، لہترار روڈ پر ڈاکٹر صدف اسپیشلسٹس ہسپتال اور العین ہسپتال شامل ہیں۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے مزید بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل کا استعمال بروئے کار لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اعلیٰ سیاسی اور پیشہ ورانہ سطحوں پر مکمل تعاون موجود ہے، محکمہ صحت کے ضلعی دفتر میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ڈینگی کا کیس رجسٹر ہونے پر تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ ایک ریپڈ رسپونس ڈینگی کنٹرول اور آپریشن ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ’اسلام آباد کے تمام 5 ہسپتالوں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریہیبلیشن میڈیسن، فیڈرل جنرل ہسپتال اور کیپٹل ہسپتال میں ہائی الرٹ ہے‘۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو روزانہ کی بنیادوں پر اس حوالے سے منعقد اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ان کوششوں کو مضبوط کیا جاسکے، جو اس وقت قابو میں ہیں جبکہ آئندہ ہفتے درجہ حرات میں کمی سے ڈینگی میں کمی کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں ڈینگی کے 12 ہزار کیسز کی تصدیق

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر غور کرنے کے بعد یہ اندازہ ہے کہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہونے پر ڈینگی کے کیسز میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔

علاوہ ازیں ڈینگی کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے نافذ دفعہ 144 کے تحت 38 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھروں اور دکانوں میں پانی کھڑا نہ ہو کیونکہ ڈینگی کے مچھر ٹھہرے ہوئے صاف پانی میں پیدا ہوتے ہیں۔

پولیس نے پانی کھڑا ہونے کے باعث ٹائر شاپس، ویئر ہاؤسز اور سروس اسٹیشنز کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

راولپنڈی میں ڈینگی سے مزید افراد جاں بحق

دوسری جانب ڈان اخبار کی علیحدہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 روز میں راولپنڈی میں ڈینگی کے شکار مزید 4 افراد جاں بحق جبکہ شہر کے 3 سرکاری ہسپتالوں میں 828 مریض ڈینگی کے شبے میں داخل ہوئے۔

حکومتِ پنجاب انسداد ڈینگی مہم کی نگرانی کررہی ہے تاہم اب تک راولپنڈی کے 3ہسپتالوں میں 631 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی۔

ہولی فیملی ہسپتال میں گزشتہ روز 384، بینظیر بھٹو ہسپتال میں 287 اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں 157 مریض لائے گئے۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کی رپورٹ لاہور میں ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزری گروپ( ڈی ای اے جی) کو ارسال کردی گئی ہے کیونکہ مریضوں کو دیگر بیماریوں کا سامنا بھی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی ای اے جی مریضوں کی میڈیکل ہسٹری کا جائزہ لیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024