• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاک-سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز: آئی سی سی ڈپٹی چیئرمین لاہور آئیں گے

شائع September 29, 2019
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہوگا—فائل/فوٹو:ڈان
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہوگا—فائل/فوٹو:ڈان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کو دیکھنے کے لیے لاہور آئیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران خواجہ 5 اکتوبر کو لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹی ٹوئنٹی دیکھیں گے۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ کا اگلے ماہ شیڈول اجلاس کے مقام سڈنی سے دبئی ممکنہ منتقلی کے نتیجے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران دیگر کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کی لاہور آمد مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔

ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران لاہور آنے کی تصدیق کردی۔

مزید پڑھیں:پاکستانی ٹیم اب تمام ہوم سیریز ملک میں کھیلے گی، پی سی بی

یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو کیون رابرٹ نے سیکیورٹی ہیڈ سین کیرول کے ہمراہ رواں ماہ کے آغا میں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو بہتر بنانے کی مہم کے تحت اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

کیون رابرٹ کے دورے کے بعد کہا گیا تھا کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان میں موجود ہے تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان 27 ستمبر کو شیڈول پہلا ایک روزہ میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں بارش: پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے میچ منسوخ

کراچی میں شدید بارش کے باعث 29 ستمبر کو شیڈول دوسرے ون ڈے میچ کو 30 ستمبر کے لیے ملتوی کردیا جبکہ دوسرا میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے جہاں پہلا میچ 5 اکتوبر، دوسرا میچ7 اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اب تک قومی ٹیم نے کوئی بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے رواں ماہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مستقل واپسی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اب اپنی تمام ہوم سیریز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے بعد جنوری میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز بھی پاکستان میں ہی منعقد کرائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024