• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’اقوام متحدہ میں عمران خان کی تقریر 1992ورلڈکپ کی طرح ہمیشہ یاد رہے گی‘

شائع September 28, 2019
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو خطاب کیا تھا— فوٹو: رائٹرز
وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو خطاب کیا تھا— فوٹو: رائٹرز

اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو نہ صرف سیاست دانوں اور بین الاقوامی ماہرین کی جانب سے پذیرائی ملی بلکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑی بھی اس تقریر کے معترف ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹرز نے سابق چیمپئن کپتان کی عالمی فورم پر کی جانے والی اس تقریر کو تاریخی قرار دیا۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران عالمی برادری کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر بھارت نے کچھ غلط کیا تو ہم آخر دم تک لڑیں گے اور اس کے نتائج سوچ سے کہیں زیادہ خطرناک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کے طیارے میں فنی خرابی، پرواز واپس نیویارک روانہ

اسی خطاب کے دوران انہوں نے ناموس رسالت ﷺ کے معاملے کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا اور انہیں باور کروایا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین کی وجہ سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوتی ہے لہٰذا اس کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان اور عمران خان کی قیادت میں کرکٹ ورلڈکپ 1992 کی چیمپئن ٹیم کا اہم حصہ رہنے والے وسیم اکرم نے کہا کہ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہماری صحیح آواز کے ساتھ نمائندگی ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب دنیا دیکھ سکتی ہے کہ ہم کیا ہیں اور کس کے لیے کھڑے ہیں۔

پاکستان کی 1992 کی چیمپئن ٹیم کے ایک اور رکن رمیز راجا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو سننے کے لیے میں اپنی کرسی پر بیٹھا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اس سے اچھی نمائندگی نہیں ہوسکتی تھی، عمران خان نے اپنا کردار اعزاز کے ساتھ ادا کیا، وہ ایک ٹائیگر ہیں۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کا شدت سے انتظار تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے توسط سے دل و جان اور عزت و وقار کے ساتھ بات کرنے اور فرنٹ سے لیڈ کرنے پر ہمیں وزیراعظم پر فخر ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ سچ بولنا اور اس سچ کو انسانیت کے حوالے سے مظالم پر غالب آتے دیکھنا خوش آئند ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر 1992 کے کرکٹ ورلڈکپ کی کامیابی کی طرح ہمیشہ یاد رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی کامیابیوں اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پاکستان کرکٹ پر اس کے اثرات کی وجہ سے میں ان کی لیڈرشپ کو اہمیت دیتا ہوں۔

شعیب ملک نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں پیش کردہ وزیراعظم عمران خان کے 4 نکاتی ایجنڈے پر ہم سب کو متحدہ ہونا چاہیے۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ بھی اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے معترف ہوگئے اور کہا کہ عمران خان ایک بہادر، بے لوث اور نڈر شخصیت ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے۔

فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کے جملے کو نقل کرتے ہوئے کہا کہ ‘دنیا سوا ارب کی مارکیٹ کو خوش کرے گی یا انسانیت کی جانب دیکھے گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ بطور پاکستانی آج مجھے فخر ہے کہ ہمارے لیڈر نے دلیرانہ انداز میں عالمی برادری کے سامنے انسانیت کا مسئلہ اٹھایا۔

نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں حسن علی کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان کو عمران خان جیسا عظیم لیڈر ملا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024