• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پاک سری لنکا سیریز: نیشنل اسٹیڈیم میں انتظامات کی قلعی کھل گئی

شائع September 28, 2019 اپ ڈیٹ October 1, 2019
نیشنل اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر بھی بارش کا پانی جمع ہے— فوٹو: اے ایف پی
نیشنل اسٹیڈیم کے مرکزی دروازے پر بھی بارش کا پانی جمع ہے— فوٹو: اے ایف پی

کراچی میں چند گھنٹے کی بارش نے پاک سری لنکا سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی تیاریوں کی قلعی کھول دی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج (بروز جمعہ) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جانا تھا لیکن شدید بارش کے بعد میدان میں پانی جمع ہونے کے باعث میچ کا انعقاد ممکن نہ ہو سکا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں بارش: پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے میچ منسوخ

کراچی میں کئی دن سے مستقل بارش جاری ہے اور جمعہ کو بھی بارش کی پیش گوئی تھی لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے پانی کی نکاسی اور آؤٹ فیلڈ کو گیلا ہونے سے بچانے کے لیے کوئی انتظام نہیں کیا گیا۔

بارش کے سبب اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ میں پانی کھڑا ہو گیا جبکہ اسٹیڈیم کے احاطے میں بھی ہر جگہ پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ چھت سے بھی پانی ٹپکنے لگا۔

مناسب سیوریج سسٹم نہ ہونے کے باعث کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پانی جمع ہوگیا جسے نکالنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا اور بالآخر انتظامیہ نے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

اسٹیڈیم میں پانی نکالنے کے لیے مشینری کا بھی مناسب انتظام نہ تھا اور جہاں دنیا کے تمام بڑے انٹرنیشنل گراؤنڈز سے پانی نکالنے کے لیے اعلیٰ معیار کی مشینری موجود ہے وہیں نیشنل اسٹیڈیم کا عملہ وائپر سے پانی نکالتا ہوا نظر آیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ اتوار کو نہیں ہوگا

اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش گزشتہ کچھ سالوں کے دوران اربوں روپے خرچ کیے گئے لیکن چند گھنٹوں کی بارش کے بعد اسٹیڈیم اور میڈیا باکس کی چھتیں بھی ٹپکنے لگیں جبکہ مرکزی دروازے پر بھی پانی جمع ہو گیا۔

اسٹیڈیم میں پانی جمع ہونے سبب دوسرے ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل کر کے اتوار کی جگہ پیر کو میچ منعقد کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کراچی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم امید ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے دوسرے میچ کے لیے بہترین انتظامات کرنے میں کامیاب رہے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024