انڈونیشیا میں زلزلہ، 20 افراد ہلاک
انڈونیشیا کے جزیرے ’ملوکو‘ میں زلزلے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں شدید زلزلے سے تباہی
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک شخص لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ترجمان اگس ویبوا نے بتایا کہ ’زلزلے کے باعث کم از کم 100 افراد زخمی ہوئے اور 2 ہزار سے زائد مقامی افراد نے محفوظ مقام پر نقل مکانی کی‘۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک نومولود بھی شامل ہے جبکہ بیشتر ہلاکتیں گھروں کے ملبے تلے دب کر ہوئیں۔
ڈیزاسٹر ایجنسی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں لوگوں کو گلیوں کی جانب دوڑتے ہوئے دکھایا گیا، انہوں نے ایک تباہ شدہ ڈپارٹمنٹل اسٹور کی تصویر بھی جاری کی۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ زلزلے ک دوران ایک شخص کی موت حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے ہوئی۔
امریکی جیولوجی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز شمالی شہر امبو سے 37 کلومیٹر دور اور 29 کلومٹیر زیر زمین تھا۔
ڈیزاسٹر ایجنسی کے ترجمان کے مطابق لوگ آفٹر شاکس سے خوف زدہ ہیں اور عارضی شیلٹرز میں خود کو زیادہ محفوظ تصور کررہے ہیں۔
مزیدپڑھیں: انڈونیشیا: زلزلے کے بعد 84 ہزار افراد بے گھر
واضح رہے کہ انڈونیشیا ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زیرِ زمین پلیٹس آپس میں ٹکراتی رہتی ہیں، جس کے باعث زلزلے اور آتش فشاں پھٹنے جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
ستمبر 2018 میں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں 7.5 شدت زلزلے کے بعد 1.5 میٹر اونچے سونامی کے نتیجے میں سیکڑوں گھر تباہ جبکہ کئی افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔
سونامی صوبہ سولاویسی کے دارالحکومت پالو اور ایک چھوٹے شہر ڈونگ گالا سے ٹکرایا تھا۔
اسولاویسی صوبے میں دو شہروں سے سونامی ٹکرانے کے نتیجے میں کئی گھر تباہ اور سیکڑوں خاندان لاپتہ ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں گزشتہ برس ہی اگست میں انڈونیشیا کے سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلے سے 91 افراد ہلاک گئے تھے۔