آزاد کشمیر، جہلم میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ، 53 افراد زخمی
آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور ملحقہ علاقوں میں ایک مرتبہ پھر زلزلہ محسوس کیا گیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مختلف واقعات میں 53 افراد زخمی بھی ہوئے۔
امریکی جیولوجکل سروے کے مطابق نیو میرپور میں 4.7 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
تاہم اسلام آباد میں موجود قومی زلزلہ کوہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 تھی اور اس کا مرکز جہلم کے 6 کلو میٹر شمال میں 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
میرپور میں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق نور کے مطابق تھوتل، کلیال اور میرپور کے ایف ون سیکٹر کی کچی آبادی میں 53 افراد زخمی ہوئے۔
دوبارہ زلزلہ محسوس کرنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ اور قرآنی آیات کا ورد کرتے رہے۔
ادھر فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو ایک شہری نے بتایا کہ زلزلہ محسوس کرتے ہی 'میں اپنی جان بچانے کے لیے بھاگا'۔ ایک اور شخص صغیر احمد نے کہا کہ 'میں نے سوچا کہ زیادہ تر عمارتیں گرجائیں گی لیکن اللہ بہت مہربان ہے'۔
دوسری جانب 'زلزلے کے آفٹرشاکس کے بعد صورتحال کے نتیجے میں' میرپور انتظامیہ نے 27 اور 28 ستمبر کو ضلع میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
علاوہ ازیں کچھ لوگوں نے لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہلکا زلزلہ محسوس کیا اور وہ اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔
زلزلے کے فوری بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف افراد نے ٹوئٹس کیں اور لکھا کہ انہوں نے ہلکے زلزلے کو محسوس کیا جبکہ کچھ لوگ یہ کہتے نظر آئے کہ یہ دو روز قبل آنے والے زلزلے کے آفٹر شاکس تھے۔
خیال رہے کہ 24 ستمبر 2019 کو آزاد کشمیر سمیت پنجاب اور خبیرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شدید زلزلے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا تھا جبکہ 38 افراد جاں بحق اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
سہ پہر 4 بجے آنے والے زلزلے کی شدت 5.8 تھی اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز جہلم کے شمال میں آزاد کشمیر اور پنجاب کو جدا کرنے والی سرحد سے 22 اعشاریہ 3 کلومیٹر دور تھا۔
چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ زلزلے سے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند علاقے متاثر ہوئے جبکہ سب سے زیادہ نقصان میرپور آزاد کشمیر میں ہوا تھا۔
اس زلزلے کے بعد گزشتہ روز بھی آزاد کشمیر میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے کے بعد علاقے میں آفٹر شاکس بھی آئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد زلزلہ متاثرین کو رات گھروں سے باہر گزارنی پڑی تھی۔