• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دنیا کا پہلا 180 فیصد اسکرین اور 108 میگا پکسل کیمرا فون متعارف

شائع September 25, 2019
می مکس الفا — فوٹو بشکریہ شیاؤمی
می مکس الفا — فوٹو بشکریہ شیاؤمی

عام طور پر اسکرین ٹو باڈی ریشو کو کسی فون کی اسکرین کے حجم اور اس کے چیسسز کے موازنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جتنا زیادہ اسکرین ٹو باڈی ریشو ہوگا، اتنے کم بیزل ہوں گے۔

مثال کے طور پر آئی فون 11 پرو میں اسکرین ٹو باڈی ریشو 82.1 فیصد ہیں، ہواوے میٹ 30 پرو میں 94.1 جبکہ گلیکسی نوٹ 10 پلس میں 91 فیصد، مگر چینی کمپنی شیاﺅمی نے ایسا پہلا فون متعارف کرایا ہے جس میں اسکرین ٹو باڈی ریشو 180.6 فیصد ہے۔

جی ہاں شیاﺅمی می مکس الفا کے اسکرین ٹو باڈی ریشو کے حوالے سے کمپنی نے یہ دعویٰ کیا ہے اور اس کانسیپٹ فون میں فون کا ڈسپلے سائیڈ کی جانب سے پیچھے تک گیا ہوا ہے اور بیک پر ایک پتلی سی پٹی میں بیزل دیا گیا ہے جس میں کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔

اور جہاں تک کیمرا سیٹ اپ کی بات ہے تو یہ دنیا کا پہلا فون ہے جس میں 108 میگا پکسل کیمرا موجود ہے، پورے ایک سو اور 8 میگا پکسل۔

یہ کیمرا 12032x9024 ریزولوشن تصاویر لے سکتا ہے اور یہ بہت زیادہ پکسلز ہیں۔

ویسے یہ جان لیں کہ زیادہ میگاپکسلز کی موجودگی کا مطلب ہمیشہ اچھی تصاویر لینا نہیں ہوتا، ہواوے پی 20 پرو 40 میگا پکسل لینس سے بہترین تصاویر لیتا ہے مگر گوگل پکسل تھری لگ بھگ اتنی ہی اچھی تصاویر 12.2 میگا پکسل لینس سے لے لیتا ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

مگر پھر بھی یہ بہت مشکل ہے کہ 108 کے ہندسے کو نظرانداز کیا جاسکے جو کہ 8 گنا زوم کرسکتا ہے جبکہ تصویر کا معیار بھی خراب نہیں ہوتا۔

اس فون میں 7.92 انچ سپر امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ کوالکوم اسنیپ ڈراگون 855 پلس پراسیسر، 12 جی بی ریم، 512 جی بی اسٹوریج (میموری کارڈ سلاٹ نہیں ہے)، 4050 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 40 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ اور فنگرپرنٹ سنسر ڈسپلے کے اندر دیا گیا ہے۔

اس فون کے بیک پر جیسا درج کیا جاچکا ہے کہ 108 میگا پکسل مین کیمرا ہے، جبکہ اس کے علاوہ 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس (2 ایکس آپٹیکل زوم کے ساتھ) اور 20 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اینگل کیمرا دیا گیا ہے، یعنی مجموعی طور پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے۔

فون کی سائیڈز میں ریمائنڈرز اور نوٹیفکیشنز دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ فون کو بیک سے بھی بالکل اسی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے، جیسے فرنٹ سے، جس میں ایک ڈسپلے میں بیشتر استعمال ہونے والی ایپس کے شارٹ کٹس موجود ہیں۔

اور ہاں اس میں سیلفی کیمرا نہیں کیونکہ جب بیک اسکرین کو ہی فرنٹ کی طرح استعمال کریں گے تو 108 میگا پکسل کیمرا ہی سیلفی لینے کے استعمال ہوسکے گا۔

می مکس الفا ایک کانسیپٹ فون ہے مگر یہ صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا مگر محدود افراد ہی اسے خرید سکیں گے۔

اس کی قیمت 20 ہزار چینی یوآن (4 لاکھ 40 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے تاہم یہ کب تک دستیاب ہوگا، فی الحال کمپنی کی جانب سے یہ اعلان نہیں کیا گیا۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

خیال رہے کہ می مکس شیاﺅمی کی وہ سیریز ہے جو ہمیشہ ہی چونکا دینے والے کانسیپٹ فون متعارف کراتی ہے، اور پہلا می مکس وہ فون تھا جس نے دنیا کے سامنے بیزل لیس ڈسپلے کا خیال پیش کیا تھا، جو اب اینڈرائیڈ فونز میں عام ہوتا جارہا ہے۔

فوٹو بشکریہ شیاؤمی
فوٹو بشکریہ شیاؤمی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024