پاکستانی ٹیم اب تمام ہوم سیریز ملک میں کھیلے گی، پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مستقل واپسی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اب اپنی تمام ہوم سیریز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرے گا۔
سری لنکن ٹیم رواں ہفتے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے جس سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے مستقل طور پر کھلنے کی راہ ہموار ہو گی اور اب پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ملک میں ہی پاکستانی ٹیم کی تمام ہوم سیریز کے انعقاد کا دعویٰ کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'ری پلے' میں میزبان عبدالغفار کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان لانے کے لیے بورڈ نے بڑی محنت کی اور پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکن ٹیم کی میزبانی کو تیار ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 27ستمبر سے ہو گا جس کے تمام میچز کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔
وسیم خان نے ملک میں مستقل بنیادوں پر انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی نوید سناتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم اب اپنی تمام ہوم سیریز ملک میں ہی کھیلے گی۔
اس موقع پر انہوں نے جلد ہی ایک اور کرکٹ سیریز کے پاکستان میں انعقاد کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے بعد جنوری میں بنگلہ دیشی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا ہے اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز بھی پاکستان میں ہی منعقد کرائیں گے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بھی سرفراز ہی ہیں، ابھی ہماری توجہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز پر مرکوز ہے اور اس سیریز کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
مصباح الحق کو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ دونوں عہدے سونپنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے ٹیم کی کارکردگی کے احتساب میں آسانی ہو گی اور ماضی کے برعکس ذمے داران کا تعین کیا جا سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق پر پورا بھروسہ ہے اور بورڈ نتائج کی پرواہ کیے بغیر انہیں مکمل سپورٹ کرے گا۔
اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پی سی بی نے کپتان اور کوچ کے اختیارات کا تعین کردیا ہے اور ٹیم کی سلیکشن اور پلاننگ کا اختیار مصباح کے پاس ہے جبکہ فائنل الیون کپتان سرفراز احمد منتخب کریں گے۔
وسیم خان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں پی ایس ایل کو کوئی خطرہ نہیں اور بورڈ کے فرنچائز سے معاملات جلد طے پا جائیں گے۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا تفصیلی انٹرویو منگل کی شام 7بجے ڈان نیوز کے پروگرام ری پلے میں نشر کیا جائے گا۔