• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

آپ اپنے انکم ٹیکس ریٹرن خود کیسے بھر سکتے ہیں؟

شائع September 21, 2019

پاکستان میں ان دنوں معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، یہی وجہ ہے کہ ٹیکس وصولی اور ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے حوالے سے عوام کی بڑی تعداد پریشان دکھائی دے رہی ہے۔

جن لوگوں پر پہلی بار یہ ذمہ داری آئی ہے خصوصی طور پر وہ بہت زیادہ پریشان ہیں اور ہر کسی یہ پوچھتے دکھائی دیتے ہیں کہ بھائی ٹیکس ریٹرن آخر کیسے فائل کیے جائیں؟

پاکستان میں انکم ٹیکس کا جی ڈی پی میں 1.1 فیصد حصہ جبکہ مجموعی ٹیکس وصولی میں 11 فیصد حصہ بنتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں جو لوگ بھی برسرِ روزگار ہیں ان کا محض 2 فیصد حصہ ہی ٹیکس ریٹرن فائل کرتا ہے۔

دراصل انکم ٹیکس ریٹرن ایک ٹیکس فارم ہے جس میں مالی سال کے دوران کمائی گئی آمدن کی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔

پاکستان میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کے لیے کچھ ایسے ریلیف کے وعدے کیے گئے جن سے فائدہ حاصل کرنے کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والوں کی تعداد میں 67 فیصد اضافہ ہوا اور یوں گزشتہ سال 25 لاکھ سے زائد افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع کروائے۔

اگر رواں برس کی بات کی جائے تو انکم ٹیکس فائل ریٹرن جمع کروانے والوں کا ہدف 40 لاکھ رکھا گیا ہے۔

لیکن اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان میں انکم ٹیکس ریٹرن فائلنگ کا نظام کمپیوٹرائز بنائے جانے کے بعد سے ریٹرن فائلنگ کا عمل بڑی حد تک سہل ہوچکا ہے اور تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانا اور بھی زیادہ آسان ہے۔ واضح رہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں میں اکثریت تنخواہ دار طبقے کی ہی ہے۔

اگر آپ انٹرنیٹ کے استعمال کی سوجھ بوجھ رکھتے ہیں تو آپ یہ ریٹرن کسی ماہر کی معاونت کے بغیر ہی جمع کروا سکتے ہیں۔

ہماری کوشش ہے کہ اس تحریر کے ذریعے تنخواہ دار طبقے میں انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے طریقہ کار سے آگاہی پیدا کی جائے۔

انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا طریقہ

سب سے پہلے ویب سائٹ پر جائیے

اگر آپ کو ٹیکس جمع کروانا ہے تو اس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی بنائی ہوئی خصوصی ویب سائٹ www.iris.fbr.gov.pk پر جانا ہوگا۔ ویب سائٹ کے پورٹل پر مختلف لنکس دیے گئے ہیں۔ اگر آپ پہلی مرتبہ ریٹرن فائل کررہے ہیں اور آپ نے ابھی تک اپنا این ٹی این رجسٹر نہیں کیا تو پھر آپ کو Registration for Unregistered Person پر کلک کرنا ہوگا۔ اس فارم میں کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ نمبر، مکمل نام، موبائل فون نمبر بمعہ موبائل نیٹ ورک کمپنی کا نام فراہم کرنا ہوگا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تصدیقی کوڈ کا حصول

ان تفصیلات کے اندراج کے بعد آپ کو موبائل فون اور ای میل پر الگ الگ تصدیقی کوڈ موصول ہوں گے۔ جب آپ ویب سائٹ پر ان پن کوڈز کو درج کریں گے تو ایف بی آر آپ کو ایک پاس ورڈ جاری کرے گا۔

ویب سائٹ پر ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والا اپنا شناختی کارڈ نمبر اور ایف بی آر کے جاری کردہ پاس ورڈ درج کرنے کے بعد سسٹم میں لاگ اِن ہوجائے گا۔

رجسٹریشن

ایسے افراد جنہوں نے مینوئل رجسٹریشن کروائی ہے انہیں E-Enrollment For Register Person پر کلک کرنا ہوگا۔ پورٹل پر ذاتی معلومات کی فراہمی کے بعد فارم کھل جائے گا جس میں رہائش کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی اور یوں الیکٹرانک رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

انرولمنٹ کا عمل

رجسٹریشن کے بعد کمپیوٹر اسکرین پر بائیں جانب Draft درج ہوگا جس کو کلک کرنے پر Application For Registration کا ڈائیلاگ باکس کھلے گا۔ یہاں پر آپ کی تفصیلات طلب کی جائیں گی، جس میں گھر کا پتا، ملکیت یا کرایہ گھر کا رقبہ درج کرنا ہوگا۔ یہ تفصیلات درج کرنے کے بعد چیک کا نشان ہوگا جس کو کلک کرنے کے بعد Submit پر کلک کریں اور اس طرح ای انرولمنٹ کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

اپنی مرضی کے آپشن کا انتخاب کیجیے

اس کے بعد اسکرین پر سب سے اوپر بائیں جانب Declaration لکھا ہوا نظر آئے گا جس پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے انکم ٹیکس کے حوالے سے ایک ڈائیلاگ باکس کھلے گا جس پر مختلف آپشنز لکھے نظر آئیں گے، جس میں آپ کو اپنی مرضی کے آپشن کا انتخاب کرنا ہے۔

اہم مرحلہ

منتخب کردہ آپشن پر کلک کرنے سے اسکرین پر ایک نیا ڈائیلاگ باکس کھل جائے گا اور آپ جس سال کا ریٹرن جمع کروا رہے ہیں وہ درج کریں گے۔ جس کے بعد اسکریں پر موجود Data کے بٹن پر کلک کرنے کے بعد Salary پر کلک کریں گے اور تنخواہ کو کوڈ نمبر 1009، الاؤنسز 1049، کمپنی کے ادا کردہ اخراجات (میڈیکل تعلیم وغیرہ) 1059، سرکاری ملازم کو اگر گاڑی ملی ہو تو کوڈ 1089 اور اگر دیگر منافع ملا ہو، جس میں ملازمت کے خاتمے کی ادائیگیاں بھی شامل ہیں تو اسے کوڈ 1099 میں درج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی مد میں ایسی رقم بھی موصول ہوئی ہے جس پر ٹیکس نہیں ہوتا تو اس کو بھی درج کیا جائے گا۔ عام طور پر یہ رقم گریجوئیٹی یا بونس وغیرہ کی شکل میں ہوتی ہے۔ ان تمام تفصیلات کو درج کرنے کے ساتھ ہی تنخواہ کے کوڈ 1000 میں کُل رقم، ٹیکس معاف رقم اور قابلِ ٹیکس آمدنی کا حساب سامنے آجائے گا

کیلکولیٹر کا استعمال

ہر مرتبہ رقم درج کرنے کے ساتھ ساتھ دائیں جانب بنے Calculator کو 2 مرتبہ کلک کرنے پر فارم پر اندراج کے ساتھ ہی جمع تفریق کے بعد قابلِ ٹیکس آمدنی ظاہر ہوجائے گی۔

تنخواہ کے علاوہ دیگر ذرائع

اگر تنخواہ کے علاوہ کرایہ داری سے بھی آمدنی ہورہی ہو تو وہاں موجود Property کے آپشن پر کلک کریں۔ جس کے بعد کرایہ داری کی آمدنی اور جائیداد پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات کو درج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر ایسے آمدنی کے ذرائع جس پر فکسڈ ٹیکس ادا ہوتا ہے جیسے بینک اکاؤنٹ یا شیئرز کی صورت ملنے والے منافع پر ٹیکس۔ اگرچہ اس کے اندراج سے ٹیکس سلیب پر کوئی فرق نہیں پڑے گا مگر اس کو ظاہر کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد بھی اگر کوئی آمدنی ہو تو اس کو Other Income میں درج کیا جائے گا۔

اس کے بعد Tax Charge Able پر کلک کریں گے تو قابل ادا ٹیکس لکھا آجائے گا۔

انکم ٹیکس جمع کرانے کا طریقہ

قابلِ ادا ٹیکس کے بعد انکم ٹیکس کی رقم اگر جمع نہ کی گئی ہو تو اسے جمع کروانے کے لیے www.e.fbr.gov.pk پر جائیں اور شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ کے اندراج کے بعد لاگ اِن کرنا ہوگا، جس کے بعد آپ کی مکمل معلومات کے ساتھ ایک پیج کھل جائے گا۔ یہاں پر ٹیکس کی رقم درج کی جائے گی۔ اس میں نقد رقم کے علاوہ چیک اور پے آڈر کے ذریعے بھی رقم جمع کروائی جاسکتی ہے۔ تمام تفصیلات کے اندراج کے بعد Create Payment اور پھر Confirm پر کلک کرنا ہوگا اور یوں چالان تیار ہوجائے گا۔ Print کے آپشن پر کلک کرنے پر چالان ڈاؤن لوڈ ہوجائے گا۔ اس چالان کا پرنٹ نیشنل بینک کے کاؤنٹر پر دینے کی صورت میں وہاں سے ایک کمپیوٹرائزڈ پے منٹ رسید یا CPR جاری ہوگی۔ اس CPR کو نمبر ایف بی آر کی ریٹرن فائلنگ میں درج کریں گے تو ٹیکس کی رقم آپ کے اکاؤنٹ سے منسلک ہوجائے گی اور حکومت کے ریکارڈ میں آجائے گا کہ آپ کا ٹیکس جمع ہوگیا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اس ٹیکس ریٹرن کے ساتھ Wealth Statement کو بھی پُر کرنا ہوگا۔ گزشتہ سال ویلتھ اسٹیٹمنٹ الگ سے جمع کروانا ہوتی تھی مگر رواں سال ویلتھ اسٹیٹمنٹ کو ٹیکس ریٹرن کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔ اس اسٹیٹمنٹ میں گزشتہ سال کی دولت اور اس سال کی دولت دونوں کو درج کیا جائے گا، یوں دولت میں کمی یا اضافے کا پتا لگایا جاتا ہے۔

اسی طرح ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں دیگر جائیداد، جیولری، تحائف، قرضوں، ٹیکس ایمنسٹی وغیرہ کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ اگر اخراجات اور آمدنی کو درست طور پر درج کیا جائے گا تو Unreconcile Amount میں رقم صفر ہوجائے گی، اگر رقم صفر نہ ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اعداد و شمار میں کوئی فرق ہے۔

ان تمام معلومات کے درج کرنے کے بعد verification پر کلک کریں اور پن کوڈ ڈالنے کے بعد اپنا فارم جمع کرادیں اور اس کا پرنٹ بھی حاصل کرلیں۔

ٹیکس آسان ایپ

رواں برس ایف بی آر نے تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے ٹیکس آسان کے نام سے ایک موبائل ایپلیکیشن بھی جاری کردی ہے۔ اس ایپ میں ایف بی آر کی آئرس (iris) کی تمام تفصیلات درج کرنے کا آپشن دیا گیا ہے۔

ایپ میں لاگ ان ہونے کے بعد ایپ کے بائیں جانب اوپر بنے icon پر جائیں جسے دبانے پر ڈائیلاگ باکس میں Sign In پر کلک کریں اور اپنی معلومات کو درج کریں۔ لاگ ان ہونے پر User Name ظاہر ہوجائے گا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

موبائل ایپلیکیشن کا طریقہ کار بھی iris کے طریقہ سے ملتا جلتا ہے بلکہ زیادہ آسان اور سہل بھی ہے۔

جیسے ہی آپ تنخواہ یا Salary کے آپشن پر جائیں گے تو ایپ آپ سے مجموعی سالانہ تنخواہ اور تنخواہ کا وہ حصہ جس پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا کو درج کرنے کا کہے گی۔ رقم کے اندراج کے بعد آپ واپس Option والے پیج پر آجائیں گے، پھر کرایہ داری، کاروبار اور دیگر ذرائع سے ہونے والی آمدنی کی تفصیلات بتدریج درج کرنے کا عمل دہرانا ہوگا۔

ڈیٹا ڈالنے کے بعد آپ کے پاس اندراج کی تصحیح یا ڈیلیٹ کرنے کا آپشن رہتا ہے۔ آمدنی کے تمام ذرائع درج کرکے Continue پر کلک کریں، جس کے بعد ٹیکس کٹوتی کے حوالے سے معلومات درج کی جائے گی۔

اگر آپ کے پاس گاڑی ہے تو ایپ آپ کو Private Vehicle Token Tax کے پیج پر لائے گی جہاں گاڑی کی تفصیلات دینے کے بعد Save کو کلک کرنے پر آپ دوبارہ Tax Deduction Page پر آجائیں گے۔

یہاں آپ کو خوشخبری دی جاتی ہے کہ آپ کا ٹیکس ریٹرن بھرا جاچکا ہے۔


چونکہ رواں سال ویلتھ اسٹیٹمنٹ کو ٹیکس ریٹرن کا حصہ بنا دیا گیا ہے اس لیے اب آپ Wealth Statement پیج پر آجائیں گے۔ جہاں آپ کو اپنے اثاثوں اور اخراجات کی تفصیلات درج کرنا ہوں گی۔ گزشتہ سال کے اثاثے اور موجودہ سال کے اثاثوں کو درج کرنا ہوگا۔ یہاں ایپ آپ کو آگے پیچھے جانے کا آپشن دے گی۔ تمام تفصیلات درج کرنے کے بعد Continue پر کلک کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کے لیے انگریزی زبان میں پورا فارم جاری کیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کی سہولت کے لیے اردو زبان کا آپشن بھی موجود ہونا چاہیے تاکہ پاکستانیوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد بغیر کسی ٹیکس کنسلٹنٹ کی مدد کے اپنے ٹیکس ریٹرن کو خود بھرنے کے قابل بن سکے۔

راجہ کامران

راجہ کامران نیو ٹی وی سے وابستہ سینئر صحافی ہیں۔ کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس (CEEJ) کے صدر ہیں۔ آپ کا ٹوئٹر ہینڈل rajajournalist@ ہے۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (8) بند ہیں

محمد وقاص Sep 21, 2019 09:28pm
شکریہ۔ کامران صاحب
Raja I RAHIM Sep 21, 2019 11:13pm
پاکستان میں معیشت کے حوالے سے آگاہی کی کمی ہے اس طرح کی تحریر یہ کمی پوری کرتی ہیں اس عمل کو آگے بڑھایا جائے۔ بینک اور مالیات کے حوالے سے بھی اگاہی دی جائے
محمد عرفان Sep 22, 2019 09:41am
اس تحریر میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی آمدنی ہو تو ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔۔
waqar Sep 22, 2019 05:33pm
What about overseas Pakistani? Please share details about this topic that how NRP / overseas Pakistani will pay taxes? what will be the procedure etc?
سمعیہ خان Sep 22, 2019 08:45pm
Still not clarity about tax return
Alley raza Sep 23, 2019 10:06am
Very nice effort thanks a lot Mr. Kamran
احتشام خالد Sep 26, 2019 07:41pm
بہت اچھی تحریر ہے۔ مگر ایف بی آر کا نظام پوری طرح کام نہیں کرتا ہے۔ بہت مشکل ہوتی ہے۔ ریٹرن جمع کرانے میں
نسیم عادل Sep 26, 2019 07:42pm
عوام کو اسی طرح مالیاتی معملات پر اگاہی کی ضرورت ہے۔ یہ ایک اچھی کاوش ہے۔ امید ہے ایسی مذید تحریریں شائع ہونگی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024