• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ٹک ٹاک ماڈلز کی مبشر لقمان سے معافی، 'وطن کا چمکتا تارہ' قرار دے دیا

شائع September 20, 2019
اس سے قبل سامنے آئی ویڈیو میں ماڈلز نے مبشر لقمان پر انہیں دھمکیاں دینے کا الزام لگایا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
اس سے قبل سامنے آئی ویڈیو میں ماڈلز نے مبشر لقمان پر انہیں دھمکیاں دینے کا الزام لگایا تھا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

سماجی رابطوں کی ایپ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بناکر مقبول ہونے والی خواتین حریم شاہ اور صندل خٹک نے ایک نئی ویڈیو میں مشہور اینکر مبشر لقمان سے معافی مانگتے ہوئے انہیں 'وطن کا چمکتا دمکتا تارہ' ٹھہرا دیا۔

دونوں ماڈلز نے گزشتہ ماہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کچھ ویڈیوز جاری کی تھی، جس میں انہیں مبشر لقمان کے ذاتی جہاز میں دیکھا گیا۔

ان ویڈیوز کے شیئر کرنے کے بعد مبشر لقمان نے ان دونوں خواتین پر جہاز سے قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام لگایا تھا جبکہ ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔

تاہم اب ان دونوں ماڈلز نے اپنی ویڈیو میں اینکر سے معافی مانگ کر اس معاملے کو یہی ختم ہونے کی امید کا اظہار کیا ہے۔

ٹک ٹاک ماڈلز کا اپنی ویڈیو میں کہنا تھا کہ 'ہم نے چند روز قبل ویڈیو بنائی تھی کہ ہم مبشر لقمان کے جہاز میں بیٹھے ہیں، دراصل وہ مذاق تھا اور ہم اس کے لیے معذرت کرتے ہیں'۔

حریم اور صندل نے مزید کہا کہ 'خاص طور پر ہم مبشر لقمان سے معافی مانگتے ہیں، ہم سے غلطی ہوگئی، برائے مہربانی آپ اس بات کا برا نہ مانیں، ہم نے مذاق کیا تھا، اس بات کو اتنا بڑا مسئلہ نہ بنائیں'۔

مزید پڑھیں: مبشر لقمان کا ٹک ٹاک ماڈلز پر 'چوری' کا الزام

انہوں نے کہا کہ 'مبشر لقمان آپ ہمارے لیے قابل عزت ہیں، ہم ہمیشہ آپ کی عزت کریں گے، آپ ہمارے وطن کا ایک چمکتا دمکتا تارہ ہیں، اللہ آپ کو صحت اور خوشیاں دے'۔

خیال رہے کہ حریم فاروق جنہیں انسٹاگرام پر 7 ہزار کے قریب صارفین فالو کررہے ہیں، وہ کئی نامور شخصیات کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیوز بنا کر شیئر کرچکی ہیں۔

مبشر لقمان کے جہاز میں بیٹھنے سے قبل ان دونوں سوشل میڈیا اسٹارز نے فیاض الحسن چوہان سے ملاقات کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نامور اینکر مبشر لقمان نے ان دونوں خواتین کے خلاف پولیس کو درج کروائی گئی شکایت میں الزام لگایا تھا کہ فیاض الحسن چوہان کی ایما پر یہ دونوں خواتین ان کے جہاز میں آئیں اور جہاز میں موجود قیمتی چیزیں چرالی، جن میں لاکھوں روپے مالیات کے کیمرے اور دیگر سامان شامل تھا۔

جس کے بعد دونوں خواتین نے ٹک ٹاک پر بنائی ایک ویڈیو میں مبشر لقمان پر الزام لگایا تھا کہ وہ انہیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔

ایک ویڈیو میں دونوں ماڈلز نے کہا تھا کہ مبشر لقمان نے خود انہیں اپنے جہاز میں بیٹھنے کی پیشکش کی تھی اور جب ویڈیوز سامنے آگئیں تو وہ انہیں ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ماڈلز کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو لوگ سمجھ رہے ہیں کہ وہ غلط ہیں تو وہ یہ جان لیں کہ ہم دونوں پولیس کا اپنا مؤقف بتاچکے ہیں اور اب مبشر لقمان کو ثابت کرنا ہوگا کہ ہم نے چوری کی ہے یا نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 'چور ہم نہیں مبشر لقمان ہیں اور انہیں غصہ صرف اس بات کا ہے کہ ہم نے دنیا کو بتادیا کہ ان کے پاس جہاز موجود ہیں کیونکہ لوگ یہ بات نہیں جانتے تھے'۔

یاد رہے کہ ڈان نیوز سے ٹیلی فون پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ طیارے میں داخل ہونے اور اس کی ویڈیو بنانے سے قبل انہوں نے مبشر لقمان سے اجازت لی تھی اور اس موقع پر طیارے کا پائلٹ اور دیگر عملہ وہاں موجود تھا، جنہوں نے ماڈلز کو طیارے کا وزٹ کروایا۔

حریم شاہ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ مبشر لقمان اب تک بیان کیے گئے الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں اور نامور اینکر کے اسسٹنٹ کی جانب سے ماڈلز کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

ٹک ٹاک ماڈل کا کہنا تھا کہ اگر وہ الزامات ثابت نہ کرسکے تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024