• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

قصور: 4 بچوں کا ریپ اور مبینہ قتل کے بعد علاقہ مکینوں کا پرتشدد مظاہرہ

شائع September 18, 2019
مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی — فوٹو: ڈان نیوز
مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی — فوٹو: ڈان نیوز

قصور میں 4 بچوں کے اغوا اور مبینہ قتل کے بعد پر تشدد مظاہروں کا آغاز ہوگیا جہاں مظاہرین نے پولیس کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ داروں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔

پنجاب کے ضلع قصور کی تحصیل چنیاں میں مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلا روڈ کو بلاک کردیا جبکہ پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین نے علاقے کے ایک بچے فیضان کے اغوا ہونے اور پھر اسے مبینہ طور پر قتل کرنے والے ملزمان کی عدم گرفتاری کی وجہ سے پولیس اسٹیشن کا بھی محاصرہ کیا۔

ضلع قصور کے 4 بچے رواں برس جون سے لاپتہ تھے جن کی عمریں 8 سے 12 سال تک تھیں جن میں گزشتہ روز مردہ حالت میں پایا جانے والا بچہ فیضان بھی شامل ہے جو 16 ستمبر کو لاپتہ ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: نوشہرہ میں 9 سالہ بچی ریپ کے بعد قتل

فیضان سے قبل رانا ٹاؤن کا 12 سالہ بچہ محمد عمران 3 جون کو لاپتہ ہوا، غوثیہ آباد کے 9 سالہ علی حسنین اور 8 سالہ سلیمان اکرم بالترتیب 8 اور 17 اگست کو لاپتہ ہوئے جن 2 کی باقیات ایک روز قبل برآمد ہوئیں۔

اس حوالے سے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اسی سلسلے میں پانچواں بچہ بھی لاپتہ ہے۔

پولیس کو ملنے والی لاشوں میں ایک بچے کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی جبکہ دیگر بچوں کی باقیات سے متعلق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ علی حسنین اور سلیمان اکرم کی ہیں۔

پولیس اب تک محمد عمران نامی بچے کی تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس بچے کو بھی مبینہ طور پر قتل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کے ساتھ ریپ: سابق کانسٹیبل کو 2 مرتبہ سزائے موت

آج فیضان نامی بچے کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں رشتہ داروں سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فیضان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چنیاں کے میڈیکل افسر ذوہیب عابد نے اپنے رائے دیتے ہوئے کہا کہ بچے کی موت گلا گھٹنے کی وجہ سے ہوئی کیونکہ اس کی گردن ٹوٹی ہوئی تھی جبکہ اس کے گلے پر نشانات بھی موجود تھے۔

میڈیکل افسر نے اپنے رپورٹ میں تصدیق کی کہ بچے کو موت سے قبل جنسی تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فارنسز سائینس ایجنسی (پی ایف ایس اے) سے رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس معاملے پر حتمی رائے دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: شانگلہ میں 10 سالہ بچی کا ریپ، '2 ملزمان' گرفتار

دریں اثنا انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عارف نواز خان کا کہنا تھا کہ چنیاں میں 3 تحقیقاتی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور متعلقہ واقعے سے متعلق مختلف لوگوں کے خلاف تفتیش جاری ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی ایف ایس اے تین بچوں کی باقیات کا ڈی این کا ٹیسٹ کرے گا جو مشتبہ ملزم کے ڈی این اے سے میچ ہوجائے گا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ وہ اس معاملے کی لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ قصور میں اس وقت خوف و ہراست پھیل گیا جب پولیس نے 17 ستمبر کو بچوں کی لاشیں برآمد کیں، اس حوالے سے مقامی افراد کو خدشہ ہے ان بچوں کے قتل میں کوئی گروہ ملوث ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے نواحی علاقے میں بچی کا ریپ کے بعد قتل

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) عبدالغفار قیصرانی نے کہا تھا کہ مارے جانے والے بچوں کے خلاف جنسی تشدد کی تصدیق میڈیکل رپورٹ کے بعد ہی کی جائے گی۔

انہوں نے اس معاملے میں کسی گروہ کے ملوث ہونے کے تاثر کو رد کردیا جبکہ کہا کہ بچوں کے قتل سے قبل ان کے ریپ ہونے کا امکان موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی تھی، جبکہ انہوں نے ملزمان کو فوری طور پر گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ 16 ستمبر کو قصور کے علاقے چنیاں میں لوگوں نے احتجاج کیا اور کئی دنوں سے لاپتہ رہنے والے بچوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: 15 سالہ لڑکی کے ریپ کی تصدیق، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

تاہم انتظامیہ کی جانب سے انہیں یقین دہانی کروائی گئی کہ وہ معاملے جلد حل کریں گے جس کے بعد مظاہرہ ختم ہوگیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب کے ضلع قصور گزشتہ چند سالوں کے دوران بچوں کے اغوا اور پھر ان کے ساتھ ریپ کے واقعات ہوئے جن میں جنوری 2018 میں 6 سالہ زینب کے ریپ اور قتل کا واقعہ بھی شامل ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور ملک گیر مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے تھے۔

عمران علی نامی شخص زینب کے ریپ اور اس کے قتل میں ملوث پایا گیا جسے ٹرائل کے بعد پھانسی دے دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کا اغوا، ریپ روکنے کیلئے 'زینب الرٹ بل' کا ابتدائی مسودہ منظور

اسی طرح قصور کا علاقہ حسین خان والا 2015 میں اس وقت دنیا کی نگاہوں کا مرکز بن گیا تھا جب وہاں پر بچوں کی فحاش ویڈیو بنانے والا ایک گروہ بے نقاب ہوا تھا۔

ہزاروں کی تعداد میں ویڈیوز منظر عام پر آئیں تھیں جن میں ایک گروہ درجنوں بچوں اور بچوں کو جنسی عمل کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

اسی طرح یہ گروہ بچوں کی فحش ویڈیو بنا کر متاثرہ خاندان کو بلیک میل کرکے ان سے کروڑوں روپے اور سونا لوٹنے میں بھی ملوث رہا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024