• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قوی خان اور عماد عرفانی تحریک خلافت پر مبنی فلم کا حصہ

شائع September 16, 2019
'گواہ رہنا' کو اگلے سال مارچ میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے — فوٹو/ اسکرین شاٹ
'گواہ رہنا' کو اگلے سال مارچ میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا ہے — فوٹو/ اسکرین شاٹ

تحریک خلافت کی کہانی پر مبنی فلم 'گواہ رہنا' کی عکس بندی آئندہ ماہ شروع ہوگی، جس میں پاکستان کے نامور اداکار قوی خان اور نوجوان فنکار عماد عرفانی اہم کردار ادا کریں گے۔

فلم 'گواہ رہنا' کی ہدایات طاہر محمود دے رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی پریس کلب میں منعقد کانفرنس میں فلم کی ٹیم نے اعلان کیا کہ 'گواہ رہنا' کو اگلے سال مارچ میں ریلیز کرنے کا ارادہ ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران فلم کے ہدایت کار طاہر محمود کا کہنا تھا کہ انہوں نے ترکی میں فارن سروس کے اہلکار کے طور پر کام کیا ہے اور وہیں سے انہیں یہ فلم بنانے کا خیال آیا۔

انہوں نے کہاکہ ’استنبول کے لوگ آج بھی پاکستانیوں سے صرف اس لیے محبت کرتے ہیں کیوں کہ اس خطے کے لوگوں نے ترکی کی حمایت میں تحریک خلافت کا آغاز کیا اور خلافت تحریک کے لیے خطیر رقم چندہ جمع کرکے ترکی بھجوائی، فلم تحریک خلافت کے ان گمنام ہیروکے نام ہے جنہوں نے تحریک خلاف میں اپنی بے مثال قربانیاں پیش کیں تاہم تاریخ میں ان کا کہیں ذکر نہیں کیا گیا، یہ فلم پاکستان اور ترکی لوگوں کے مابین تعلقات کو ایک نئی جہت بخشے گی۔‘

ہدایت کار کے مطابق '100 سال قبل ہمارے آباؤ اجداد نے یہاں ایک خلافت کا آغاز کیا جسے تحریک خلافت کا نام دیا گیا، اس سلسلے میں ترکی کی بےحد مدد کی گئی اور غازی مصطفیٰ کمال نے سامراجی فوجوں کا مقابلہ کیا، ترکی کے افراد آج تک اس احسان کو نہیں بھولے اور اس فلم کی کہانی بھی انہی حالات پر مبنی ہے'۔

طاہر محمود کا کہنا تھا کہ 'ہمارے آباؤ اجداد کی خواہش تھی کہ ہمیں انگریزوں سے آزادی ملے اور ہم ایک آزاد ملک میں سانس لیں، جس کے لیے ہمیں اس تحریک کے قائدین جیسے قائداعظم محمد علی جناح کا شکر گزار ہونا چاہیے، یہ فلم ان ہی ہیروز کے لیے بنائی جارہی ہے'۔

ہدایت کار کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال اکتوبر میں ہوگا جبکہ اگر سب کچھ منصوبے کے حساب سے رہا تو اسے اگلے سال مارچ میں ریلیز کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 'گواہ رہنا' پاکستان اور ترکی دونوں ممالک کے سینما گھروں میں بیک وقت ریلیز کی جائے گی۔

اس فلم میں نامور اداکار قوی خان اہم کردار نبھائیں گے۔

اداکار کے مطابق انہیں فلم کا اسکرپٹ بےحد پسند آیا، اس کے مکالمے بےحد متاثر کن ہے اور انہیں اپنا کردار بھی بہت اچھا لگا۔

گواہ رہنا کے پروڈیوسر کاشف اسمعیل کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق ایک کشمیری فیملی سے ہے اور وہ آزادی کی اہمیت کو بخوبی جانتے ہیں۔

اداکار عماد عرفانی بھی فلم میں اہم کردار نبھارہے ہیں، ان کے مطابق انہیں اپنا کردار بےحد پسند آیا اور وہ ہدایت کار کے کام سے بھی بےحد متاثر ہیں۔

فلم میں پاکستان کے نامور سینئر اداکار قوی خان، غنا علی، عماد عرفانی، رابعہ کلثوم، ریحان ناظم، فیصل امیتاز و دیگر سمیت ترکی اداکار میرٹ سیسملربھی شامل ہیں۔

سینئر اداکار قوی خان نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’فلم کی کہانی منفرد ہے، مجھے بہت پسند آئی، میں نے فلم کااسکرپٹ پڑھتے ہی فلم میں کام کے لیے ہامی بھری ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ فلم شائقین کو متاثر کرنے میں ضرور کامیاب ہوگی‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024