آرمی چیف کا سدرن کمانڈ کا دورہ، کوئٹہ میں نسٹ کے کیمپس کا افتتاح
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ کے دورے میں خوش حال بلوچستان پروگرام کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں کو سراہا اور کوئٹہ میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے نئے کیمپس کا بھی افتتاح کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 'چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ کوئٹہ کا دورہ کیا'۔
جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو خوش حال بلوچستان پروگرام کے تحت شروع کیے گئے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے پر فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کی سعودی فوجی مشیر سے ملاقات، علاقائی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال
بیان کے مطابق خوش حال بلوچستان منصوبے پر بریفنگ کے بعد آرمی چیف نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے ہمرا کوئٹہ میں تعمیر کیے نسٹ کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا جس کا اعلان آرمی چیف نے 2017 میں کیا تھا اور یہ 2 سال کے عرصے میں مکمل ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 'کیمپس میں پہلا بیچ 55 طلبہ پر مشتمل ہوگا جس میں سول انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بی ای کا پروگرام شروع کیا جائے گا'۔
بیان کے مطابق 'نسٹ کیمپس میں ایم ایس کی سطح پر واٹر ریسورس انجینئرنگ منیجمنٹ، مائننگ انجینئرنگ اور کمپیوٹر اینڈ الائیڈ سائنسز کے پروگرام شروع کیے جائیں گے اور بعد ازاں تعداد میں اضافہ کردیا جائے گا'۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 'آرمی چیف نے بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ سے خطاب بھی کیا اور بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا'۔
آرمی چیف نے طلبہ پر زور دیا کہ 'وہ مختلف شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقع کے لیے خود کو اہل بنائیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان مثبت رفتار کے ساتھ امن و استحکام کی جانب اپنے سفر میں ارتقا کے مرحلے سے گزر رہا ہے'۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ 'ملک کے نوجوانوں کو ذاتی اور مجموعی بہتری کے لیے قومی ہم آہنگی کے ساتھ درست سمت کی جانب کام جاری رکھنا ہوگا'۔
آرمی چیف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 'پاکستانی معاشرے کے تمام طبقات مستقبل کے چینلجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ رجحان اپنائیں'۔