• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سری لنکا نے دورہ پاکستان کیلئے کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا

شائع September 11, 2019
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو ہوگا—فائل/فوٹو:اے پی
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو ہوگا—فائل/فوٹو:اے پی

سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورے میں ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ سیریز کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق لہیرو تھریمانے کو دیمتھ کرونارتنے کی جانب سے ٹی ٹوئنٹیئ کپتان لاستھ ملینگا کی طرح پاکستان کے دورے سے انکار پر ان جگہ ایک روزہ سیریز کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔

تھریمانے 15 رکنی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسن شناکا 16 رکنی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

سری لنکا کی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی تھیساراپریرا، اینجیلو میتھیوز، نیروشان ڈکویلا، کوسل پریرا، دھنانجیا ڈی سلوا، اکیلا دانانجیا، سرینگالکمل اور دنیش چندی مل شامل نہیں ہیں، جنہوں نے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں:’دورہ پاکستان پر بھارت کی سری لنکن کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے باہر کرنے کی دھمکی‘

یاد رہے کہ سری لنکا کی ٹیم پر مارچ 2009 میں لاہور میں حملہ ہوا تھا جس کے بعد اکتوبر 2017 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان آئی تھی۔

لاہور حملے میں 8 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ سری لنکا کی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اسٹاف سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پاکستان آنے والی ایک روزہ ٹیم میں لہیرو تھریمانے (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سمراویکراما، اویشکا فرنانڈو، اوشاڈا فرنانڈو، شیہان جے سوریا، داسن شناکا، منود بھنوکا، اینجیلو پریرا، وانندو ہسارنگا، لکشن سنڈیکان، نووان پرادیپ، ایسورو اوڈانا، کاسن رجیتھا اور لہیرو کمارا شامل ہیں۔

سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سمراویکراما، اویشکا فرنانڈو، اوشاڈا فرنانڈو، شیہان جے سوریا، اینجیلو پریرا، بھنوکا راجاپکشا، منود بھنوکا، لہیرو مدوشانکا، وانندو ہسارنگا، لکشن سنڈیکان، نووان پرادیپ، ایسورو اوڈانا، کاسن رجیتھا اور لہیرو کمارا پر مشتمل ہے۔

سیریز کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں میں ہوگا جہاں پہلا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد 29 ستمبر کو دوسرا میچ اور آخری ایک روزہ میچ 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے جو بالترتیب 5 اکتوبر، 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

’کھلاڑیوں پر بھارتی اثر ورسوخ کی خبر سچ نہیں’

سری لنکا کے وزیر کھیل ہارن فرنانڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں بھارت کے دباؤ کے باعث کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو رد کردیا۔

فرنانڈو کا کہنا تھا کہ ‘ان رپورٹس کی کوئی سچائی نہیں کہ بھارتی اثر پر سری لنکا کے کھلاڑی پاکستان میں نہیں کھیل رہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘چند کھلاڑیوں نے 2009 کے واقعے کی بنیاد پر نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جن کا احترام کرتے ہوئے ہم نے ان کھلاڑیوں کو چن لیا جو دورہ کرنے کے خواہش مند تھے’۔

سری لنکن وزیر نے کہا کہ ‘ہماری ٹیم بھرپور طاقت کی حامل ہے اور امید ہے کہ پاکستان کو پاکستان میں ہرائے گی’۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ انہیں کھلاڑیوں سے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی لابی سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے لیے اکسارہی تھی اور دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

فود چوہدری نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’بھارت نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو آئی پی ایل سے خود کو فارغ سمجھیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024