• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بداعتمادی سے پیدا ہونے والی بے چینی جمہوری نظام کیلئےخطرہ ہے،چیف جسٹس

شائع September 11, 2019
چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشکل کونسل کی کارروائی کو مشکل ترین قرار دیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشکل کونسل کی کارروائی کو مشکل ترین قرار دیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ کسی کی آواز یا رائے کو دبانا بداعتمادی کو جنم دیتا ہے اور بد اعتمادی سے پیدا ہونے والی بے چینی جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں نئے عدالتی سال کا فل کورٹ ریفرنس ہوا، جس میں جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم کے علاوہ تمام ججز شریک ہوئے۔

اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ میں بخوبی آگاہ ہوں کہ معاشرے کا ایک طبقہ جوڈیشل ایکٹوازم میں عدم دلچسپی پر ناخوش ہے، وہ طبقہ چند ماہ قبل جوڈیشل ایکٹوازم پر تنقید کرتا تھا۔

بات جو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ازخود نوٹسز پر عدالتی گریز زیادہ محفوظ ہے اور کم نقصان دہ ہے، تاہم معاشرے کا مخصوص طبقہ چند لوگوں کے مطالبے پر ازخود نوٹس لینے کو سراہتا ہے۔

مزید پڑھیں: ماتحت عدالتیں معاملات صحیح طریقےسے دیکھیں تو یہ سپریم کورٹ تک نہ آئیں، چیف جسٹس

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ‘ہم آئین اور قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پُر عزم ہیں، عدالتی عمل میں دلچسپی رکھنے والے درخواست دائر کریں، جسے سن کر فیصلہ ہوگا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی تقریر میں کہہ چکا ہوں کہ ازخود نوٹس کے اختیار کو قومی اہمیت کے معاملے پر استعمال کیا جائے گا کیونکہ جو کسی کے مطالبے پر لیا گیا ہو وہ ازخود نوٹس نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب عدالت کسی معاملے پر ضرورت محسوس کرے گی تب ازخود نوٹس لیا جائے گا۔

دوران خطاب چیف جسٹس نے کہا کہ ازخود نوٹس کے استعمال سے متعلق آئندہ فل کورٹ اجلاس تک مسودہ تیار کر لیا جائے گا اور اس مسئلے کو بھی ہمیشہ کے لیے حل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت جسٹس فائز عیسیٰ کو نہیں ہٹاسکتی، فیصلہ سپریم جوڈیشل کونسل کرے گی‘

چیف جسٹس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عدالتی سال کے آغاز پر ملک بھر کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 18 لاکھ 10 ہزار تھی، تاہم اب لا اینڈ جسٹس کمیشن کے مطابق زیر التوا مقدمات کی تعداد کم ہوکر 17 لاکھ 80 ہزار ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس سپریم کورٹ میں 19 ہزار 7 سو 51 مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ عدالت عظمیٰ نے 57 ہزار 6 سو 84 مقدمات نمٹائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی سپریم کورٹس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ای-کورٹ کا نظام متعارف کروایا، اس نظام کے ذریعے عدالت عظمیٰ، پرنسپل سیٹ اور تمام رجسٹریاں ویڈیو لنک کے ذریعے منسلک ہوئیں۔

مزید پڑھیں: ’ ججز انصاف دینے کے انتظار میں ہیں لیکن وکلا نے کام چھوڑ دیا‘

خطاب کے دوران چیف جسٹس نے سپریم جوڈیشل کونسل (ایس جے سی) کی کارروائی کو مشکل ترین کام قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین صدر مملکت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ کونسل کو کسی بھی جج کے کنڈکٹ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل اس طرز کی آئینی ہدایات سے صرفِ نظر نہیں کرسکتی، صدر مملکت کی کسی جج کے خلاف شکایت سپریم جوڈیشل کونسل کی رائے پر اثر انداز نہیں ہوتی جبکہ دوسری جانب کونسل اپنی کارروائی میں آزاد اور با اختیار ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ گزشتہ عدالتی سال سپریم جوڈیشل کونسل میں زیر التوا پرائیویٹ درخواستوں کی تعداد 56 تھی جن میں مزید 102 کا اندراج ہوا جبکہ کونسل میں ایک سو 49 شکایات نمٹائی گئیں اور اس وقت ایس جے سی میں 9 شکایات زیر التوا ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تیزاب سے جلانا قتل سے بھی بڑا جرم ہے، چیف جسٹس

ان کا کہنا تھا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے تمام ممبران اور چیئرمین اپنے حلف پر قائم ہیں، کونسل کسی بھی قسم کے خوف، بدنیتی یا دباؤ کے بغیر اپنا کام جاری رکھے گی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی کے علاوہ کونسل سے کوئی بھی توقع نہ رکھی جائے۔‘

چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اختلافی آواز کو دبانے کے حوالے سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، کسی کی آواز یا رائے کو دبانا بد اعتمادی کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بد اعتمادی سے پیدا ہونے والی بے چینی جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے جبکہ اختلاف کو برداشت نہ کرنے سے اختیاری نظام جنم لیتا ہے۔

مزید پڑھیں: عمر قید کی مدت کتنی ہونی چاہیے؟ چیف جسٹس نے نوٹس لے لیا

تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس نے کہا کہ ’میں نے تقاضہ کیا تھا کہ انتظامیہ اور قانون ساز عدالتی نظام کی تنظیم نو کے لیے نیا تین تہی نظام متعارف کروائیں لیکن بدقسمتی سے اس معاملے پر کچھ نہیں کیا گیا، حتیٰ کہ ادارہ جاتی مذاکرات کی تجویز پر بھی غور نہیں کیا گیا۔

پاکستان نے قانونی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا، اٹارنی جنرل

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل انور منصور خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دہشتگردی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 367 اور 370 کی منسوخی کا اقدام غیر قانونی ہے، پاکستان اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کر رہا ہے۔

اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا کہ ’بدقسمتی کے ساتھ بھارتی سپریم کورٹ بھی اس معاملے میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیں: اگر کوئی جج فیصلہ نہیں کر رہا تو لوگ اس کی عزت کیوں کریں گے، چیف جسٹس

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے اس معاملے کو قانونی تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اقوام عالم کے سامنے اٹھایا۔

ماتحت عدلیہ کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے، وائس چیئرمین پی بی سی

تقریب سے خطاب میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل سید امجد شاہ نے مطالبہ کیا کہ ماتحت عدلیہ میں انصاف کی فراہمی کبھی تسلی بخش نہیں رہی یہاں کارکردگی میں بہتری لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مقدمات کے فیصلوں کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے، واٹس ایپ پر ججز کے تبادلے کے احکامات سے اجتناب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل کورٹس میں مقدمات کی کارروائی کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے جبکہ آئین کی بالادستی کے لیے ہر ادارہ اپنے حدود میں رہ کر کام کرے۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتی کارروائی کرنے والا دنیا کا پہلا ملک

سید امجد شاہ نے پاکستان کی 2 بڑی شخصیات کے خلاف کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کے مقدمات کی سنوائی جلدی جلدی کردی گئی جبکہ جس حکمران نے 2 مرتبہ آئین توڑا اس کا مقدمہ برسوں سے فیصلہ طلب ہے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ازخود نوٹس میں بھی اپیل کا حق دیا جائے، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف جوڈیشل کونسل کی کارروائی چیلنج ہوچکی ہے، ایس جے سی کے خلاف درخواستوں کو فل کورٹ کے سامنے سنا جائے۔

پولیس حراست میں ملزمان کی اموات کی جانب توجہ مبذول کرواتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی حراست میں لوگوں کی اموات کے واقعات تشویشناک ہیں، سپریم کورٹ سے سزا یافتہ پولیس افسران آج بھی اپنے عہدوں پر کام کر رہے ہیں۔

تمام اختلافات کے باوجود دفاع وطن کیلئے ہم ایک ہیں، صدر سپریم کورٹ بار

اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافات کے باوجود وطن کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں تنقید کرنا آسان جبکہ عمل کرنا مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انکم ٹیکس قوانین پر فیصلہ کرنے کی سپریم جوڈیشل کونسل کی اہلیت چیلنج

صدر سپرم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ انسان دوسروں کے لیے بہترین منصف اور اپنے لیے بہترین وکیل ہوتا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ زیر التوا مقدمات کے حتمی فیصلے تک میڈیا کو اس سے متعلق مواد نشر کرنے سے روکا جائے جبکہ کسی کو بھی جج کی کردار کشی کا استحقاق نہیں ہونا چاہیے کیونکہ میڈیا عوام کی مشکلات سامنے لانے کے بجائے اشرافیہ کے مقدمات کو سامنے لاتا ہے۔

امان اللہ کنرانی نے کہا کہ آرٹیکل 209 کے تحت جن ججز کے خلاف شکایات ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024