• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’رسوائی‘ اپنے حق کے لیے لڑنے والی بہادر خاتون کی کہانی

شائع September 11, 2019 اپ ڈیٹ September 12, 2019
زرد بہار کا نام بدل کر رسوائی کردیا گیا—اسکرین شاٹ
زرد بہار کا نام بدل کر رسوائی کردیا گیا—اسکرین شاٹ

گزشتہ ماہ خبر سامنے آئی تھی کہ اداکار میکال ذوالفقار اور ثنا جاوید جلد ہی رومانٹک ڈرامے ’زرد بہار‘ میں رومانس کرتے دکھائی دیں گے۔

اگرچہ اس ڈرامے کی شوٹںگ اب آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے اور ڈرامہ جلد نشر ہونے کو تیار ہے، تاہم ڈرامے کی ٹیم نے اس کا نام ’زرد بہار‘ سے بدل کر ’رسوائی‘ رکھ دیا ہے۔

’رسوائی‘ میں جہاں میکال ذوالفقار ایک کمرشل پائلٹ کے منفرد کردار میں دکھائی دیں گے، وہیں اداکارہ ثنا جاوید بھی قدرے مختلف کردار میں نظر آئیں گی۔

یہ خبر پہلے ہی آ چکی تھی کہ ثنا جاوید ڈرامے میں ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کریں گی جسے ڈرامے میں میکال ذوالفقار سے محبت ہوجاتی ہے اور ان کی محبت شادی میں بدل جاتی ہے۔

تاہم دونوں کی محبت شادی میں بدلنے کے باوجود ان کی زندگی کےمسائل ختم نہیں ہوتے اور ان میں نئے المیے جنم لیتے ہیں۔

ڈرامے کے حوالے سے ثنا جاوید نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈرامے میں ڈاکٹر سمیرا نامی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو ایک مضبوط اور خود مختار خاتون ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'زرد بہار' میں میکال اور ثنا کی رومانوی کہانی

ثنا جاوید کے مطابق ان کا کردار اپنے پورے خاندان سے اچھے تعلقات کی وجہ سے منفرد ہوتا ہے، تاہم ان کا کردار اپنے والد کے زیادہ قریب ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر سمیرا ایک بہادر اور دبنگ خاتون کے روپ میں دکھائی دیں گی جو ہر ناانصافی پر آواز بلند کرنا جانتی ہے اور اسے اپنا حق بھی سمجھتی ہے۔

میکال ذوالفقار اور ثنا جاوید ڈرامے میں رومانوی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرامen
میکال ذوالفقار اور ثنا جاوید ڈرامے میں رومانوی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: انسٹاگرامen

اداکارہ کے مطابق ان کا کردار نہ صرف اپنے ساتھ ناانصافیوں کے لیے لڑنے کے لیے پرعزم ہوتی ہیں بلکہ وہ دوسروں کے ساتھ بھی ایسا ہونے نہیں دیتیں۔

ثنا جاوید نے ڈرامے کی مزید کہانی بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرامے میں اپنے حقوق کی جنگ لڑتی دکھائی دیں گی اور اسی وجہ سے ہی انہیں یہ ڈرامہ منفرد لگا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے سماج میں عام طور پر خواتین اپنے حقوق کی جنگ نہیں لڑتیں حالانکہ وہ جانتی ہیں کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے لیکن پھر بھی وہ نہیں لڑتیں اور ان کی خواہشات اندر ہی مر جاتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ہمارے میں اپنے حقوق کے لیے لڑنے والی خواتین کو بھی اچھا نہیں سمجھا جاتا، تاہم ڈرامے میں اس خیال کو منفرد انداز میں دکھایا جائے گا۔

ثنا جاوید سے قبل اداکار میکال ذوالفقار نے ڈان کو اپنے کردار کے حوالے سے بتایا تھا کہ میرے کردار کا نام سلمان ہوگا جو کمرشل ایئرلائن کا پائلٹ ہوگا، وہ سمیرا نامی ڈاکٹر سے محبت کرتا ہے جس کا کردار ثنا جاوید نبھارہی ہیں، یہ ایک دلچسپ رومانوی کہانی ہے جس میں کئی اتار چڑھاو آئیں گے'۔

اداکار کے مطابق 'یہ ڈرامہ ایک خاص موضوع پر مبنی ہے، جس میں ثنا کے کردار کے ساتھ ایک ایسا واقعہ پیش آئے گا جو میں ابھی شیئر نہیں کرسکتا، ان دونوں کرداروں کی رومانوی کہانی میں کئی چیلنجز بھی آئیں گے، ان کی شادی ہوجانے کے بعد بھی سب کچھ جلدی ٹھیک نہیں ہوگا'۔

خیال رہے کہ ڈرامے کی کہانی نائلہ انصاری نے تحریر کی ہے جب کہ روبینہ اشرف نے اس کی ہدایات دی ہیں۔

ڈرامے کی کاسٹ میں عثمان پیرزادہ، محمد عدیل، سیمی راحیل، اسامہ طاہر، ارسا غزل اور شرمین علی بھی شامل ہیں۔

ڈرامے کو رواں ماہ 25 ستمبر سے اے آر وائے ڈجیٹل پر نشر کیا جائے گا۔

میکال ذوالفقار کمرشل پائلٹ کا کردار ادا کریں گے—اسکرین شاٹ
میکال ذوالفقار کمرشل پائلٹ کا کردار ادا کریں گے—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024