• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایران: 2 برطانوی نژاد آسٹریلین اور ایک آسٹریلوی شہری گرفتار

شائع September 11, 2019
آسٹریلیا کی جانب سے ان تینوں افراد کو قونصلر رسائی فراہم کی جارہی — فوٹو:رائٹرز
آسٹریلیا کی جانب سے ان تینوں افراد کو قونصلر رسائی فراہم کی جارہی — فوٹو:رائٹرز

ایران میں 2 برطانوی نژاد آسٹریلین اور ایک آسٹریلوی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

آسٹریلیا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ 2 برطانوی نژاد آسٹریلین اور ایک آسٹریلوی شخص کو ایران میں گرفتار کیا گیا، جن میں سے ایک کو 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے محکمہ امور خارجہ و تجارت کا کہنا تھا کہ وہ ان تینوں افراد کے اہلخانہ کو قونصلر معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی بنیادوں کی وجہ سے وہ اس معاملے پر مزید وضاحت نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں: ایران: برطانوی شہریوں کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کے جرم میں 12 برس قید

ساتھ ہی محکمے نے آسٹریلیا کے شہریوں کو ان کی سفری تجاویز پر عمل کرنے کا کہا، جس میں بتایا گیا تھا کہ ایران میں غیر ملکیوں کو حراست میں لیے جانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ادھر لندن کے ٹائمز نیوزپیپر کی رپورٹ کے مطابق 'برطانوی بلاگر اور ان کے آسٹریلوی بوائے فرینڈ کو 10 ہفتوں قبل ایشیا کا سفر کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا تھا'۔

علاوہ ازیں اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیمبرج یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ شخص کو الگ حراست میں لیا گیا اور اسے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

تاہم آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کی خبر کے مطابق مذکورہ شخص گزشتہ ایک سال سے سلاخوں کے پیچھے ہے لیکن ان رپورٹس میں آسٹریلوی حکومت، اخبار اور اے بی سی نے ان تمام افراد کے نام جاری نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘لندن حکومت ایران میں قید برطانوی خاتون کی رہائی کیلئے سنجیدہ نہیں‘

اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان تینوں افراد کو ایران کے اوین جیل میں قید کیا گیا ہے جہاں 41 سالہ برطانوی ایرانی خاتون نازنین زاغری رتکلیف بھی جاسوسی کے الزام میں 2016 سے قید ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہریوں کو تجویز دی ہے کہ ایران کا سفر کرنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 27 اگست کو تہران کی عدالت نے 2 ایرانی نژاد برطانوی شہریوں کو اسرائیل کے لیے جاسوسی اور غیرقانونی رقم وصول کرنے کے جرم میں 10 اور 12 برس قید سنائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024