• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

’دورہ پاکستان پر بھارت کی سری لنکن کھلاڑیوں کو آئی پی ایل سے باہر کرنے کی دھمکی‘

شائع September 10, 2019 اپ ڈیٹ September 14, 2019
سری لنکن ٹیم کے گزشتہ دورہ پاکستان پر بھی کئی اہم کھلاڑیوں نے آنے سے انکار کردیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
سری لنکن ٹیم کے گزشتہ دورہ پاکستان پر بھی کئی اہم کھلاڑیوں نے آنے سے انکار کردیا تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کا دورہ کرنے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے فارغ کرنے کی دھکمی دے دی ہے۔

وفاقی وزیر نے کرکٹ سے وابستہ ‘باخبر ذرائع’ کا حوالہ دیتے ہوئے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’بھارتی کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو آئی پی ایل سے خود کو فارغ سمجھیں‘۔

انہوں نے بھارتی جارحیت پسندی سے متعلق کہا کہ ’(ناکام) خلائی مشن سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں نفرت انگیزی بھارت کا انتہائی جاہلانہ طرز عمل ہے، اسپورٹس حکام کو شرم آنی چاہیے اگر ہے تو‘۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے 3 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

دوسری جانب عالمی میڈیا کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کیربئین پرئمیر لیگ میں شرکت کے لیے 2 کھلاڑیوں کی این او سی بھی روک دی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے تھیسارا پریرا اور نروشن ڈک ویلا کو کیئربئین پرائمیر لیگ میں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

مزید پڑھیں: سری لنکا کا پاکستان میں 3ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا اعلان

واضح رہے کہ مذکورہ دونوں کھلاڑیوں سمیت 8 کرکٹرز نے پاکستان آکر کھیلنے سے معذرت کی تھی۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے 2 کھلاڑیوں کے دورہ پاکستان سے دستبردار ہونے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا کہ یہ ہماری پالیسی ہے کہ اگر قومی ٹور ہے تو پلیئرز کو انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے این او سی نہیں دی جائے گی، نروشن ڈک ویلا اگلے چند ہفتے قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کریں گے جبکہ تھیسارا پریرا کو 15 ستمبر تک سری لنکا پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ون ڈے اور ٹی20 سیریز کراچی اور لاہور میں کھیلنے پر اتفاق کیا تھا جس کے لیے سری لنکن ٹیم کو 26ستمبر کو پاکستان پہنچنا تھا۔

سری لنکن بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو گرین سگنل دینے کے بعد اپنے کھلاڑیوں سے بات چیت کی تھی لیکن کھلاڑیوں کی جانب سے اسے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جو پاکستان جانے پر راضامند نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم پر حملے کی دھمکی آمیز ای میل کرنے والا نوجوان گرفتار

سری لنکن کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کے لیے سینئر کھلاڑیوں کو رضامند نہیں کرسکا اور ون ڈے ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے اور ٹی20 کے قائد لاستھ ملنگا سمیت 10 اہم کھلاڑیوں نے پاکستان جا کر کھیلنے سے معذرت کرلی تھی۔

جن کھلاڑیوں نے پاکستان جانے سے منع کیا ان میں ون ڈے ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے اور ٹی20 قائد لاستھ ملنگا کے ساتھ ساتھ تجربہ کار اینجلو میتھیوز، دنیش چندیمل، تھسارا پریرا، کوشل پریرا نروشن ڈکویلا، دھننجیا ڈی سلوا، اکیلا دھننجیا اور سورنگا لکمل شامل ہیں۔

سری لنکن بورڈ کے مطابق کوشل مینڈس انجری کے باعث دورہ پاکستان کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں جس کے سبب بورڈ کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں کیونکہ سینئر اور اہم کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد حکام کے لیے ٹیم کی تشکیل ایک بڑا مرحلہ ہے۔

مزیدپڑھیں: پاکستان میں رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن

سری لنکن بورڈ کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑی فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر اس سے قبل بھی کئی سینئر اور اہم سری لنکن کھلاڑیوں نے پاکستان کے دورے سے انکار کردیا تھا اور اس موقع پر ٹیم کی قیادت تھسارا پریرا نے کی تھی لیکن اس مرتبہ وہ بھی پاکستان آنے سے انکار کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024